جب یہ بیماری ہوئی تو صرف 21 سال کا تھا اور وہ وقت بہت مشکل تھا ۔۔۔۔۔ وسیم اکرم نے اپنی اِس خطرناک بیماری پر قابو کیسے پایا؟

ہماری ویب  |  Sep 24, 2020

پاکستان کی کرکٹ تاریخ کے مایہ ناز سابق فاسٹ باؤلر وسیم اَکرم کا شمار دنیائے کرکٹ کے بہترین فاسٹ باؤلرز میں کیا جاتا ہے اور آج بھی کرکٹ کے متعدد پلیٹ فارم اور پروگراموں میں اُن کی شاندار باؤلنگ پر روایتی تبصرے اور مثالیں دی جاتی ہیں۔

موجودہ دور کی کرکٹ میں آج کئی لیفٹ آرم پیسرز وسیم اکرم کو اپنا آئیکون مانتے ہیں اور اُن کا یہی کہنا ہوتا ہے کہ وہ وسیم اکرم کی طرح سوئنگ باؤلنگ کرنا چاہتے ہیں لیکن اُن جیسی سوئنگ گیند نہیں کر پاتے۔

وسیم اکرم جس طرح کھیل کے میدان میں حریف ٹیم کے بلے بازوں کی وکٹیں لے اُڑ جاتے تھے اِسی طرح ماضی میں اُن کا مقابلہ ایک خطرناک بیماری سے بھی ہوا اور انہوں نے اس بیماری کا باہمت طریقے سے مقابلہ کیا۔

قومی ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم 21 سال کی عمر میں ذیابیطس کے مرض کا شکار ہوئے تھے۔ انہوں نے ایک انٹرویو کے دوران اپنی بیماری کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ جس وقت مجھ پر انکشاف ہوا کہ میں شوگر کے مرض میں مبتلا ہوں مجھے بہت حیرت ہوئی تھی کیونکہ میں صحت مند اسپورٹس مین تھا اور میرے خاندان میں بھی کسی کو یہ بیماری نہیں تھی، وہ وقت بہت مشکل تھا۔

مزید اُن کا کہنا تھا کہ اکثر لوگ اس بیماری کو راز رکھتے ہیں انہیں لگتا ہے کہ ان کی زندگی ختم ہوگئی ہے اور وہ کچھ نہیں کر سکتے ایسا سوچنا غلط ہے مگر میں نے ایسا نہیں کیا۔

سابق لیجنڈری فاسٹ کا انٹرویو کے دوران کہنا تھا کہ میں 24 گھنٹے میں ذیابیطس کے چار انجیکشن لگواتا تھا اگر میں ایک اسپورٹس مین ہوکر اس بیماری سے لڑ سکتا ہوں تو پاکستان کے خواتین و حضرات بھی یقیناً اس مرض کو قابو کرسکتے ہیں۔

کرکٹ کے آئیکون کا کہنا تھا کہ آپ نے اِس بیماری میں رہتے ہوئے نظم و ضبط کا مظاہرہ کرنا ہے، ورزش کا خاص خیال رکھنا ہے اور کھانا وقت پر کھانا ہے۔

تاہم وسیم اکرم نے بھرپور جدو جہد کے ساتھ ذیابیطس کا مقابلہ کیا اور اپنی بیماری سے ہارنے کے بجائے لڑنے کا فیصلہ کیا اور آج وہ شوگر کے مریض ہونے کے باوجود ایک صحت بخش زندگی گزار رہے ہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More