اگر مدد کر دی جائے تو میرے علاج میں آسانی ہوجائے گی۔۔ کینسر میں مبتلا اداکارہ نائلہ جعفری کے الفاظ نے سب کو رلا دیا

ہماری ویب  |  Apr 05, 2021

پاکستانی شوبز انڈسٹری میں کئی فنکار ایسے گزرے ہیں جنہوں نے ماضی میں بڑی بیماریوں کا سامنا کیا اور زندگی کی جانب دوبارہ لوٹے۔

اب ایک اور پاکستانی مشہور اداکارہ نائلہ جعفری موذی مرض کینسر کا شکار ہوچکی ہیں اور تنگ حالات کے پیش نظر اپنے علاج کیلئے حکومت وقت سے مالی معاونت کی درخواست کی ہے۔

اداکارہ معدے کے کینسر میں مبتلا ہوئیں جن کی خبریں گزشتہ دو دنوں سے سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہیں اور ان کے چاہنے والے ان کے لیے دعا گو دکھائی دے رہے ہیں۔

1990 کی نامور ٹیلی وژن اداکارہ، ماڈل و فیشن ڈیزائنر نائلہ جعفری 2016 سے کینسر کے مرض میں مبتلا ہیں اور ابتدائی طور پر ان میں اوورین کینسر کی تشخیص ہوئی تھی اور بعد ازاں ان میں معدے کے کینسر کی بھی تشخیص سامنے آئی۔

اس کے بعد سال 2017 میں نائلہ جعفری سے متعلق چار سال قبل یہ اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ وہ سرطان کے تیسرے اسٹیج کے باعث انہیں تشویشناک حالت میں ہسپتال میں ایڈمٹ کرایا گیا ہے۔

اداکارہ نائلہ نے حال ہی بستر مرض سے ایک ویڈیو پیغام بھی جاری کیا جس میں انہوں نے کہا کہ اس طویل عرصے میں بیماری سے لڑتے ہوئے میں یہی سوچتی رہی ہوں کہ کیا ہی بہتر ہو کہ آپ کی حکومت بھی فنونِ لطیفہ کی خدمت کرنے والے فنکاروں سے متعلق سوچے۔

مذکورہ ویڈیو میں نائلہ جعفری نے ایک اور مسئلے کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی بیماری کی وجہ سے گلگت بلتستان میں کرائے کے گھر میں رہائش پذیر تھیں مگر اب مالکان انہیں بلیک میل کر رہے ہیں۔

اداکارہ کے مطابق مالکان نے ان سے مطالبہ کیا ہے کہ مکان کا کرایہ دگنا کردیں یا پھر آج ہی گھر خالی کردیں اور جلدی میں گھر خالی کرنے سے انکار پر ان کے گھر پر پتھراؤ کیا گیا۔

ویڈیو میں انہیں ہسپتال کے بستر سے مدد مانگتے ہوئے دیکھا گیا۔

نائلہ جعفری کی ویڈیو اپنے فیس بک پر شیئر کی گئی، جس میں اداکارہ مدد مانگتے ہوئے آبدیدہ ہوگئیں۔

2 منٹ اور 11 سیکنڈ کے ویڈیو پیغام میں اداکارہ نے کہا کہ حکومتِ وقت کو اس سلسلے میں کوئی کام جلد از جلد کرنا چاہئے جو مستقبل میں سینئر فنکاروں کیلئے مددگار ثابت ہو۔

نائلہ جعفری نے کہا کہ اتنے برسوں سے میں یہاں بیمار پڑی ہوئی ہوں، سب نے کافی مدد کی ، جب میں اکیلی تھی تو مجھے سنبھالا۔

انہوں نے تجویز دی کہ اگر دوبارہ سے ان کے ڈراموں کو نشر کیے جانے پر کچھ مالی امداد کردی جائے تو ان کے علاج میں آسانی ہوجائے گی۔

خیال رہے کہ اداکارہ نائلہ جعفری کئی دہائیوں سے پاکستانی ڈراموں کے لیے اپنی خدمات انجام دیتی رہی ہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More