بابر اعظم نے ویرات کوہلی کو کیسے پیچھے چھوڑا؟ عالمی ریکارڈ بنانے کے دوران سیریز میں کون سا دلچسپ واقع دیکھنے کو ملا

ہماری ویب  |  Apr 15, 2021

بابر اعظم نے آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ سپر لیگ میں شامل جنوبی افریقا کے خلاف ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کا اختتام دنیائے کرکٹ کے نمبر ون بیٹسمین کی حیثیت سے کیا ہے۔

جنوبی افریقا کے خلاف ایک روزہ سیریز کے تین میچوں میں 228 رنز بنانے والے بابراعظم نےسیریز کے دوران مجموعی طور پر 28 ریٹنگ پوائنٹس حاصل کیے۔

سیریز کے آغاز سے قبل انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی درجہ بندی میں بھارت کے ویرات کوہلی اور پاکستان کے بابراعظم کے درمیان 20 ریٹنگ پوائنٹس کا فاصلہ تھا۔

میزبان ٹیم کے خلاف پہلےایک روزہ میچ میں 103 رنز کی عمدہ اننگز کھیلنے پر بابراعظم آئی سی سی ون ڈے انٹرنیشنل پلیئرز رینکنگ میں پہلے نمبر پر پہنچ گئے تھے تاہم سیریز کے دوسرے میچ میں 31 رنز بناکر آؤٹ ہونے کے باعث وہ پانچ پوائنٹس گنوانے کی وجہ سے دوبارہ دوسری پوزیشن پر پہنچ گئے۔

البتہ بابراعظم نے سیریز کے تیسرے اور فیصلہ کن میچ میں ایک بار پھر شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 94 رنز بناکر مین آف دی میچ قرار پائے۔ میزبان ٹیم کے خلاف اس اننگز کی بدولت وہ ایک بار پھر ون ڈے انٹرنیشنل پلیئرز رینکنگ میں پہلی پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔

بابراعظم سے قبل بھارت کے کپتان ویرات کوہلی عالمی درجہ بندی میں نمبر ون بیٹسمین تھے۔ وہ اکتوبر 2017 سے اسی رینک پر موجود تھے۔

ون ڈے انٹرنیشنل رینکنگ میں پہلی پوزیشن پر براجمان بابراعظم کا ٹی ٹوئنٹی کی عالمی رینکنگ میں تیسرا اور ٹیسٹ میں چھٹا نمبر ہے۔

ان کے علاوہ صرف ویرات کوہلی دنیا کے وہ واحد بیٹسمین ہیں جو فی الحال ان تینوں فارمیٹ کی عالمی درجہ بندی کے مطابق ابتدائی چھ بلے بازوں کی فہرست میں شامل ہیں۔

ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ کی تاریخ میں بابراعظم وہ چوتھے پاکستانی ہیں جنہوں نے یہ اعزاز حاصل کیا ہے۔ اس سے قبل ظہیر عباس نے ورلڈکپ 1983 میں نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں 103 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلنے پر عالمی درجہ بندی میں پہلی پوزیشن حاصل کی تھی، پھر جاوید میانداد نے ورلڈکپ 1987 میں سری لنکا کے خلاف 103رنز بناکر یہ اعزاز حاصل کیا تھا۔

اٹھارہ سال قبل محمد یوسف نے جنوبی افریقا کے خلاف ہوم سیریز میں 60 رنز بناکر آئی سی سی ون ڈے انٹرنیشنل رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کی تھی۔ کپتان پاکستان کرکٹ ٹیم بابراعظم کا کہنا ہے کہ وہ ظہیر عباس، جاوید میانداد اور محمد یوسف جیسے مایہ ناز کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل ہونے پر بہت فخر محسوس کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ تینوں کرکٹرز ہمیشہ پاکستان کی کرکٹ کے روشن ستارے رہیں گے۔ بابراعظم کا کہنا ہے کہ اب ان کا اگلا ہدف اس درجہ بندی کو برقرار رکھنا ہوگا، کوشش کریں گے کہ وہ سخت محنت اور یکسوئی کا مظاہرہ کریں۔

سر ویو رچرڈز نے جنوری1984 سے اکتوبر1988 تک جبکہ ویرات کوہلی نے 1258 روز تک یہ پوزیشن اپنے پاس رکھی۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More