طالبان پر شک کی کوئی وجہ نہیں، ترجمان پاک فوج

سماء نیوز  |  Sep 20, 2021

پاکستان کی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے سربراہ میجر جنرل بابر افتخار نے کہا ہے کہ پاکستان کے پاس طالبان کی افغان سرزمین کسی دوسرے ملک بشمول پاکستان کے خلاف استعمال نہ ہونے دینے کی یقین دہانیوں پر شک کی کوئی وجہ نہیں ہے، قومی سلامتی یقینی بنانے کیلئے طالبان کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔

غیر ملکی ویب سائٹ سے بات کرتے ہوئے فوج کے ترجمان میجر جنرل بابر افتخار کا کہنا تھا کہ طالبان نے کئی مواقع پر اس بات کو دہرایا کہ کسی گروہ یا دہشت گرد تنظیم کو کسی ملک بشمول پاکستان کیخلاف دہشت گرد سرگرمی کیلئے افغان سرزمین استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس طالبان کی نیت پر شک کرنے کی کوئی وجہ نہیں ہے اور اسی لئے ہم ان سے مسلسل رابطے میں ہیں تاکہ اپنے قومی مفاد کا تحفظ کر سکیں۔

طالبان کے 15 اگست 2021ء کو افغانستان کے دارالحکومت کابل پر کنٹرول کے بعد سے پاکستان سلامتی اور امن کیلئے عالمی برادری کے کردار پر زور دیتا آرہا ہے اور اس کیلئے تمام دھڑوں پر مشتمل حکومت بنانے کا حامی ہے۔  وزیراعظم عمران خان نے گزشت ہفتے ایک ٹویٹر پیغام میں کہا تھا کہ طالبان سے اس حوالے سے بات چیت شروع کردی ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ بارڈر مینجمنٹ میں مسلسل بہتری لائی جارہی ہے اور مستقبل قریب میں اس کو مکمل طور پر محفوظ بنادیا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ ہمارا ہمیشہ سے مقصد سرحد کے اس طرف والے حصے پر بہتر مینجمنٹ رہا ہے، پاکستان افغان سرحد پر باڑ لگانا مشکلات کی وجہ سے بڑی ذمہ داری تھی، تمام تر مشکلات کے باوجود پاکستان نے بارڈر کے 90 فیصد حصے پر باڑ لگانے کا کام مکمل کرلیا ہے۔

طالبان کے ہمراہ افغانستان میں پاک فوج کے لڑنے سے متعلق بھارتی میڈیا کے پروپیگنڈے کے سوال پر ترجمان پاک فوج نے کہا کہ جس طریقے سے بھارتی میڈیا نے طالبان کے پنجشیر پر حملے کے حوالے سے خود کو پیش کیا ہے وہ اس بات کی کافی شہادت ہے کہ ان کا میڈیا جعلی خبروں اور جھوٹی گھڑی گئی کہانیوں پر پروان چڑھتا ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More