ایسا قبرستان جہاں زندہ لوگ خود کو دفن کر لیتے ہیں.. یہ قبرستان کہاں ہے اور ایسا کرنے کے پیچھے کیا راز ہے؟

ہماری ویب  |  Jul 02, 2022

مرنے کے بعد انسان کو دفن کیا جاتا ہے لیکن پاکستان میں ایک ایسی جگہ بھی ہے جہاں زندہ انسانوں کو دفن کیا جاتا ہے۔ یہ عجیب و غریب کام کرنے کی کیا وجہ ہے آئیے جانتے ہیں۔

پیر محب جہانیاں پاکستان کا ایسا علاقہ ہے جہاں کا درجہ حرات عام طور پر 40 ڈگری سے اوپر ہی رہتا ہے۔ یہاں پر موجود دربار کے آگے تپتا صحرا نما میدان ہے جہاں زندہ لوگ خود کو کچھ اس انداز میں دفن کرتے ہیں کہ ان کا صرف سر باہر ہوتا ہے اور باقی جسم تپتی مٹی کے اندر دنوں دھنسا رہتا ہے۔

ایسا کرنے کے پیچھے ان لوگوں کا ماننا ہے کہ اگر کسی کے اندر گردہ، پھیپھڑا یا کوئی اور مرض موجود ہے تو یہ عمل اس کا خاتمہ کردے گا۔ یہاں دور دراز کے علاقوں سے آنے والے افراد کئی ایسی کہانیاں سناتے ہیں جن پر عقل حیران ہوتی ہے۔

بیٹے کے گردے ناکارہ ہوگئے تھے یہاں آنے سے ٹھیک ہوگئے

ایک خاتون نے نجی چینل کے نمائندے سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ کچھ سال پہلے ان کے بیٹے کو ڈاکٹر نے جواب دے دیا تھا اور بتایا تھا کہ اس کے گردے ناکارہ ہوچکے ہیں جس کے بعد وہ ہر جمعرات کو بیٹے کو یہاں لا کر مٹی میں دبا دیتی ہیں اور اب ان کا بیٹا ٹھیک ہوتا جارہا ہے۔

قبروں کے گرد 7 چکر

مظفر گڑھ میں موجود پیر جہانیاں کے دربار میں دو قبریں ایسی بھی ہیں جن کے گرد 7 چکر لگا کر لوگ منت مانگتے ہیں ان کا ماننا ہے کہ اس سے شفا ملتی ہے اور ان کی دعائیں قبول ہوتی ہیں اس کے علاوہ جن لوگوں کی شادی نہیں ہوتی وہ قبروں پر دلہا کو لگایا جانے والا کلھا رکھ کر جاتے ہیں تاکہ ان کی شادی ہوجائے۔

واضح رہے کہ لوگ ان توہمات پر یقین رکھتے ہیں مگر ان کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں بلکہ اسلام تو اس قسم کے عقائد کی سختی سے نفی کرتا ہے۔ البتہ کم تعلیم اور بے شعوری کی وجہ سے لوگ ان بے بنیاد باتوں پر یقین رکھتے ہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More