’کالا چشمہ‘: سپاٹیفائی سے مشہور انڈین گانے کیوں غائب ہو گئے ہیں؟

بی بی سی اردو  |  Mar 21, 2023

Getty Images

ذرا سوچیے کہ آپ اپنی پسندیدہ پلے لسٹ پر گانے سننے کی کوشش کریں جسے بنانے کے لیے آپ نے کئی گھنٹے صرف کیے ہوں اور پھر آپ کو معلوم ہو کہ آدھے گانے اس میں سے غائب ہیں۔

اگر آپ ایک بالی وڈ مداح ہیں اور آپ کا سپاٹیفائی اکاؤنٹ ہے تو ایسی صورتحال میں تو شاید آپ کو زیادہ سوچنے کی بھی ضرورت نہیں ہے کیونکہ اس ایپ سے انڈیا کی مشہور ترین فلموں کے گانے غائب ہو رہے ہیں۔

سپاٹیفائی کا کہنا ہے کہ وہ ان گانوں کے مالکان سے پرانا معاہدہ ختم ہونے کے بعد نیا معاہدہ طے نہیں کر پائے ہیں۔ ایسے گانے جنھیں کروڑوں مرتبہ سنا جا چکا تھا جیسے ’باجی راؤ مستانی‘ کا گانا ’ملہاری‘ یا ’بار بار دیکھ‘ فلم کا گانا ’کالا چشمہ‘ اب ڈیلیٹ کیے جا چکے ہیں۔

اس کے باعث اکثر افراد کی پلے لسٹس ادھوری رہ گئی ہیں کیونکہ انھیں اس بات کا اندازہ صرف اس وقت ہوا جب انھوں نے ان گانوں کو سننے کی کوشش کی۔

جب بی بی سی نیوزبیٹ کی جانب سے بالی وڈ فین وشما رائے سے بات کی گئی تو وہ اس وقت ایک مسافر کوچ پر سفر کر رہی تھیں۔ عام طور وہ ’کلنک‘ اور ’رام لیلا‘ جیسی فلموں کے گانوں کی مدد سے اپنے سفر کی بوریت دور کیا کرتی تھیں۔

تاہم اب انھیں بہت سارے گانے نہیں مل رے۔

وہ کہتی ہیں کہ ’میں بہت افسردہ ہوں، یہ بہت غلط ہے۔‘

’یہ بہت غلط ہے کہ ’کلنک‘ کے گانے ہٹا دیے گئے ہیں۔ میرا فیورٹ گانا فلم کا ٹائٹل ٹریک تھا، میں بہت افسردہ ہوں۔ مجھے نہیں معلوم میں اب کیا سُنوں۔‘

وشما جیسے مداحوں کے لیے بالی وڈ میں موسیقی فلم کی روح کا کردار ادا کرتی ہے۔ اس سے فلم میں جان پڑ جاتی ہے اور یہ ہیڈفونز میں اگلے کئی سال تک زندہ رہتے ہیں۔

اگر فلم مقبول نہ بھی ہو تب بھی لوگ اسے اس کی موسیقی کے باعث یاد رکھتے ہیں۔

وشما کا ایک اور پسندید گانا ’نگاڑا سنگ ڈھول‘ ہے جو ’رام لیلا‘ کا گانا ہے جو اُن کے مطابق ’اب تک کی سب سے بہترین فلم ہے۔‘ یہ گانے وہ صرف کوچ پر سفر کے دوران ہی نہیں یاد کریں گی۔

وہ کہتی ہیں کہ ’یہ اتنا پریشان کن ہے کہ یہ گانے غائب ہو چکے ہیں۔ یہ روزانہ میری زندگی میں ایک اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ اب مجھے نہیں معلوم میں کیا کروں گی۔ یہ بہت پریشان کن ہے اور مجھے ان کی یاد آ رہی ہے۔‘

اسی طرح ایک اور ایسی ہی مداح زینت نے نیوزبیٹ کو بتایا کہ انھوں نے احتجاجاً اپنی سپاٹیفائی سبسکرپشن ہی ختم کر دی ہے۔

اسی طرح اکثر صارفین نے ٹوئٹر اور ریڈ اٹ کا رخ کر کے یہ جاننے کی کوشش کی ہے کہ کیا وہ اکیلے ہیں یا باقیوں کے ساتھ بھی ایسا ہوا ہے۔

Getty Images

سپاٹیفائی نے اپنی ویب سائٹ پر بتایا ہے کہ وہ دنیا بھر کے تمام گانوں اور پاڈکاسٹس تک رسائی نہیں دیتا۔ کسی بھی سٹریمنگ ایپ کی طرح سپاٹیفائی میں مواد حاصل کرنے کے لیے معاہدے کرتا ہے۔

یہ دیگر سروسز اور نیٹ فلکس کی طرح ہے جہاں مقررہ معیاد کے بعد کچھ فلمیں اور ٹی وی شوز ہٹا دیے جاتے ہیں۔

تاہم وشما جیسے مداحوں کو ابھی بھی امید ہے کہ اس حوالے سے کوئی اچھی خبر آ سکتی ہے۔ سپاٹیفائی کا کہنا ہے کہ وہ اچھی نیت کے ساتھ دوبارہ اس مسئلے کا کوئی انوکھا حل تلاش کرنے کی کوشش کرے گا اور زی میوزک سے اس بارے میں بات کرے گا جو انڈیا کی سب سے بڑی انٹرٹینمنٹ کمپنیوں میں سے ایک ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More