جاوید اختر نے شبانہ اعظمی کو 50 ویں سالگرہ پر کیا تحفہ دیا تھا؟

اردو نیوز  |  Mar 23, 2023

بالی وُڈ کی اداکارہ شبانہ اعظمی اور شاعر جاوید اختر رواں سال اپنی شادی کی 39 ویں سالگرہ منائیں گے۔

ہندی فلم نگری کے اس معروف جوڑے کی شادی 9 دسمبر 1984 کو ہوئی تھی۔

شبانہ عظمی نے انکشاف کیا کہ وہ اور جاوید اختر سالوں سے اچھا رشتہ نبھا رہے ہیں کیونکہ سب سے پہلے وہ دوست ہیں اور پھر دنیا کے بارے میں وہ دونوں ایک ہی جیسی رائے رکھتے ہیں۔

تاہم انہوں نے اس بات کا بھی انکشاف کیا کہ جاوید اختر اتنے رومانوی نہیں ہیں۔

شبانہ عظمی نے حالیہ دنوں میں اپنی 50 ویں سالگرہ پر جاوید اختر کی جانب سے دیے جانے والے سرپرائز تحفے کی یاد بھی تازہ کی۔

شوبز ویب سائیٹ پِنک ولا سے بات کرتے ہوئے 72 سالہ اداکارہ کہتی ہیں کہ ’میں وہ نہیں ہوں جو مہنگے تحفوں کو اہمیت دوں لیکن کبھی کبھار وہ بہت خوبصورت کام کرتے ہیں۔ ایک مرتبہ لندن میں مجھے سلواڈور ڈلی کا مجسمہ پسند آیا تو انہوں نے کہا کہ ’آؤ خرید لیتے ہیں‘ لیکن میں نے کہا کہ ’نہیں نہیں یہ بہت مہنگا ہے‘ جس کے بعد ہم نے وہ نہ خریدا۔‘

’اس کے بعد میرے خیال سے میری 50 ویں سالگرہ پر وہ مجسمہ میرے بیڈ روم میں رکھا ہوا تھا جس کے ساتھ اُن کی نظم ’وقت‘ بھی خوبصورت حروف میں لکھی ہوئی تھی۔ انہوں نے میرے خاطر ایسے کام کیے ہیں جس کے بارے میں مجھے کچھ نہ پتا چلا۔ اس تحفے نے مجھے متاثر کیا۔ جیسے انہوں ںے اسے خریدنے کے لیے ہمت کی۔ اس کے علاوہ میں ایسے مہنگے تحفوں سے متاثر نہیں ہوتی۔‘

جاوید اختر نے اپنی پہلی شادی اداکارہ اور سکرین رائٹر ہنی ایرانی سے کی تھی جن سے ان کے ہاں بیٹے فرحان اختر اور بیٹی زویا اختر کی پیدائش ہوئی۔

دوسری جانب اداکارہ کی آخری ریلیز ہونے والی فلم ’وٹس لوو گاٹ ٹو ڈو وِد اِٹ؟ ہے جس کی سنیما گھروں میں نمائش جاری ہے۔

اس فلم کے ذریعے انہوں نے 1983 میں ریلیز ہونے والی فلم ’معصوم‘ کے بعد پہلی مرتبہ ہدایتکار شیکھر کپور کے ساتھ کام کیا ہے۔

وٹس لوو گاٹ ٹو ڈو وِد اِٹ؟ میں شبانہ اعظمی کے علاوہ پاکستانی اداکارہ سجل علی، ایما تھامسن، لِلی جیمز اور شہزاد لطیف نے بھی مرکزی کردار ادا کیے ہیں جبکہ فلم کی پروڈیوسر جمائمہ گولڈ سمتھ ہیں۔

اس کے علاوہ اداکارہ رواں سال اداکارہ ہدایتکار کرن جوہر کی فلم ’راکی اور رانی کی پریم کہانی‘ میں رنویر سنگھ اور عالیہ ابھٹ کے ساتھ بھی نظر آئیں گی۔

مزید خبریں

تازہ ترین خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More