صدر بائیڈن پر زیادتی کا الزام لگانے والی خاتون کی روسی شہریت کے لیے درخواست

اردو نیوز  |  May 31, 2023

سنہ 2020 کی صدراتی مہم کے دوران جو بائیڈن پر جنسی زیادتی کا الزام لگانے والی ایک خاتون منگل کو ماسکو میں نظر آئیں جہاں انہوں نے صدر ولادیمیر پوتن سے روسی شہریت کی درخواست کی ہے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق تارا ریئید جنہوں نے 1993 میں مختصر وقت کے لیے بائیڈن کے کانگریس کے دفتر میں کام کیا تھا، نے کہا ہے کہ وہ روس میں رہنا چاہتی ہیں کیونکہ ریپبلکن کے ایک رکن نے بتایا ہے کہ ان کی جان کو خطرہ ہے۔

59 برس کی تارا ریئید نے سپتنک میڈیا گروپ کے ساتھ ایک انٹرویو میں کہا کہ وہ روس ایک سیاح کے طور پر پہنچی ہیں۔

تاہم انہوں نے کہا کہ ’جیسے ہی میں ماسکو میں جہاز سے اتری تو پہلی مرتبہ بہت عرصے بعد میں نے خود کو محفوظ محسوس کیا۔ مجھ سے ہمدردی کا اظہار کیا گیا۔‘

تارا ریئید نے 2020 کے اوائل میں دعویٰ کیا تھا کہ اس وقت کے سینیٹر جو بائیڈن نے اگست 1993 میں کیپٹل ہِل کی راہداری میں ان کے ساتھ جنسی زیادتی کی تھی۔ تارا ریئید اس وقت 29 برس کی تھیں۔ ان کے اس کے بعد سے میڈیا میں شہ سرخیاں بنی تھیں۔

ان کا الزام ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب بائیڈن اس وقت کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف انتخابی مہم میں تیزی لا رہے تھے۔ سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو خود جنسی زیادتی کے الزامات کا سامنا ہے۔

بائیڈن نے واضح طور پر ان کے اس دعوے کی تردید کی تھی۔ ’یہ سچ نہیں ہے۔ میں واضح طور پر کہہ رہا ہوں کہ ایسا کبھی بھی نہیں ہوا۔‘

تارا ریئید نے کہا کہ مبینہ واقعے کے بعد انہوں نے ایک شکایت درج کی تھی لیکن اس کا کوئی ریکارڈ نہیں ملا۔

لیکن 1996 کے ایک عدالتی ریکارڈ کے مطابق ان کے سابق شوہر نے کہا تھا کہ ان کی اہلیہ نے بائیڈن کے دفتر میں کام کے دوران جنسی ہراسیت کی شکایت کی تھی۔

انٹرویو کے دوران تارا ریئید ماریہ بوتینا کے ساتھ بیٹھی ہوئی تھیں جن پر امریکہ میں جاسوسی کا الزام تھا۔ (فوٹو:سپتنک)یہ واضح نہیں کہ آیا کبھی ان کے الزامات کی باقاعدہ تحقیقات ہوئیں یا نہیں۔

تارا ریئید جو خود کو بین الاقوامی امور کی تجزیہ کار کہتی ہیں، نے سپتنک سے انٹرویو کے دوران کہا کہ 2020 میں جنسی زیادتی کے بارے میں بات کرنے کے بعد ان کو قید کرنے کی دھمکی دی گئی اور ان کو ایک روسی جاسوس کہا گیا۔

تارا ریئید روسی پارلیمان کی رکن ماریہ بوتینا کے ساتھ انٹرویو کے دوران بیٹھی ہوئی تھیں۔ ماریہ بوتینا کو 2018 میں جاسوسی کے الزام میں واشنگٹن میں گرفتار کیا گیا تھا۔

تارا ریئید نے کہا کہ ’نہ وہ اور نہ ہی بہت سے امریکی روس کو دشمن کے طور پر دیکھتے ہیں۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’میں روسی شہریت کے لیے درخواست دینا چاہوں گی۔ میں یہ وعدہ کرتی ہوں کہ میں اچھی شہری ثابت ہوں گی۔ میں اپنی امریکی شہریت بھی رکھنا چاہوں گی۔‘

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More