ایتھلیٹس کی ’جنسی ہراسانی‘، انڈین ریسلنگ فیڈریشن کے سربراہ پر متعدد الزامات

اردو نیوز  |  Jun 02, 2023

ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا کے سربراہ کے خلاف درج ہونے والی ایف آئی آر میں بتایا گیا ہے کہ انہوں نے خواتین ایتھلیٹس کو ہراساں کیا۔ 

این ڈی ٹی وی کے مطابق سات خواتین ریسلرز کی شکایت پر انڈیا کی حکمراں جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) سے تعلق رکھنے والے رکن اسمبلی اور ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا کے سربراہ بریج بھوشن شرن سنگھ کے خلاف درج ایف آئی آر میں کئی دیگر نکات بھی شامل ہیں۔

ایف آئی آر کے مطابق ’بریج بھوشن شرن سنگھ نے سانس چیک کرنے کے لیے خواتین سے چھیڑ چھاڑ کی ذاتی نوعیت کے سوالات پوچھے جبکہ علاج کے اخراجات کے بدلے میں جنسی تعلق قائم کرنے کی پیشکش کی۔‘

خیال رہے بریج بھوشن شرن سنگھ کے خلاف دہلی کے کناٹ پولیس سٹیشن میں 28 اپریل کو دو ایف آئی آرز درج کی گئی ہیں جن میں خواتین ریسلرز اور ایک نابالغ ایتھلیٹ کے والد کی شکایات شامل کی گئیں۔

دوسری جانب سے بریج بھوشن شرن سنگھ نے تمام الزامات مسترد کیے ہیں اور بدھ کو اس حوالے سے ایک اور بیان بھی جاری کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ’اگر میرے خلاف ایک بھی الزام ثابت ہو جائے میں خود کو پھانسی دوں گا۔ اگر ان (ریسلرز) کے پاس کوئی ثبوت ہے تو عدالت میں پیش کریں۔ میں کسی بھی سزا کا سامنا کرنے کو تیار ہوں۔‘

خواتین ریسلرز جو فیڈریشن کے سربراہ کو برطرف کرنے کا مطالبہ کر رہی ہیں، نے ان پر جنسی ہراسیت کے الزامات لگائے تھے۔

شکایت کرنے والی کچھ ایتھلیٹس نے دعوٰی کیا تھا کہ ان کے بیانات ریکارڈ کرنے کے لیے جو ڈیوائس استعمال کیا جا رہا تھا اس کو کئی بار بند کیا گیا۔

احتجاج کرنے والی خواتین ریسلرز کو پارلیمنٹ کی جانب مارچ کرنے پر گرفتار بھی کیا گیا تھا۔ (فوٹو: اے ایف پی)ان میں سے ایک ریسلرز نے خدشہ کیا تھا کہ ’ہو سکتا ہے ڈیوائس بند کیے جانے کے بعد پورا بیان ریکارڈ نہ ہوا ہو، جس کا مقصد ملزم کو فائدہ دینا تھا۔‘

شکایات میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ایتھلیٹس نے ملزم سے بچنے کے لیے اپنے کمروں سے نکلنے کے بعد گروپ میں رہنا شروع کر دیا تھا، جس پر انہوں نے ایک ایک کر کے خواتین کو پاس بلایا اور نامناسب سوالات پوچھے جن کا جواب دینا ان کے لیے ناگوار تھا۔

ایک ایتھلیٹ کا کہنا تھا کہ ’سانس چیک کرنے کے لیے جب انہوں نے مجھے بلایا تو میری ٹی شرٹ کو کھینچا۔‘

’انہوں نے مجھے ایسی غذا کھلانے کی بھی پیشکش کی جس کی منظوری ڈائٹیشن اور کوچ سے منظور شدہ نہیں۔ انہوں (ملزم) نے بتایا تھا کہ اس سے پرفارمنس بہتر ہوتی ہے۔‘

خواتین ریسلز کئی ماہ سے ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا کے سربراہ کے خلاف احتجاج کر رہی ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)خیال رہے انڈین خواتین ریسلز کئی ماہ سے ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا کے سربراہ کے خلاف احتجاج کر رہی ہیں اور اتوار کو پارلیمنٹ کی جانب مارچ پر انہیں حراست میں بھی لیا گیا تھا۔

31 مئی عالمی ریسلنگ تنظیم یونائیٹڈ ورلڈ ریسلنگ (یو ڈبلیو ڈبلیو) کی جانب سے ریسلرز کو حراست میں لیے جانے کی مذمت کی تھی اور تحقیقات کا نتیجہ برآمد نہ ہونے پر مایوسی کا اظہار کیا تھا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More