تحریک انصاف فتنہ نہیں تخریب کاری کا جتھہ ہے، ٹھوس بنیادوں پر قانونی کارروائی کی جائے: وزیراعظم

اردو نیوز  |  Nov 29, 2024

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف سیاسی جماعت نہیں بلکہ فتنہ اور تخریب کاری کا جتھہ ہے جس نے گزشتہ نو ماہ میں اسلام آباد پر چوتھی مرتبہ لشکر کشی کی۔

جمعے کو وزیراعظم ہاؤس میں امن و امان سے متعلق اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ یہ تحریک انصاف نہیں بلکہ تخریب انصاف ہے، خیبر پختونخوا سے مالی وسائل کے ساتھ جتھہ اسلام آباد آیا اور تباہی مچائی۔

اجلاس میں آرمی چیف کے علاوہ وفاقی وزرا اور وزیر اعلٰی پنجاب مریم نواز شریف نے بھی شرکت کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ کے پی سے آنے والے جتھے نے گولیاں چلائیں، لوگوں کو زخمی کیا، ایک پولیس اہلکار اور رینجرز کے چار اہلکار ہلاک ہوئے جبکہ ملکی معیشت کو بھی گھاؤ لگا۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک محتاظ اندازے کے تحت پی ٹی آئی کی ریلی سے یومیہ 190 ارب روپے کا نقصان ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تمام تخریب کاروں کے خلاف ایف آئی آرز درج کی جائیں اور ٹھوس بنیادوں پر قانونی کارروائی کی جائے، تخریب کاروں کا اصل چہرا نہ دکھایا تو تاریخ اچھے الفاظ میں نہیں یاد رکھے گی، دشمنان پاکستان کا ہاتھ صرف روکیں ہی نہیں بلکہ توڑ دیں۔

اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت دن رات سازشیں کر رہی ہیں اور انہیں کوئی پروا نہیں کہ دوست ممالک سرمایہ کاری کرنا چاپتے ہیں، اور نہ ہی پاراچنار میں ہونے والے حادثے کا کوئی احساس ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا بہت خوصورت صوبہ ہے، وہاں کے عوام بہت بہادر ہیں اور پاکستان کے وفادار ہیں ہمیں ان کی ترقی کے لیے سوچنا چاہیے۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ خیبرپختونخوا کی حکومت نے پچھلے آٹھ ماہ میں عوام کی بحالی اور وہاں کی ترقی کے لیے کیا کیا، پاکستان کو ہم نے اس جتھے اور تخریب کاری کی پارٹی کے حوالے کرنا ہے یا سنوارنا اور بنانا ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More