چیمپئنز ٹرافی 2025 کہاں ہو گی اس بارے میں غیرواضح صورت حال برقرار ہے تاہم انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو مزید وقت دینے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ وہ آئی سی سی اور انڈین کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے ساتھ مل کر ایک قابلِ عمل حل تلاش کر سکے۔آئی ایس پی این کرک انفو کے مطابق اس معاملے میں آئی سی سی بورڈ ممکنہ طور پر ہفتے کے آخر تک حتمی فیصلہ کرے گا۔خبر کے مطابق آئی سی سی بورڈ کا ورچوئل اجلاس ہوا جو 15 منٹ سے بھی کم وقت تک جاری رہا۔اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ پی سی بی، بی سی سی آئی اور آئی سی سی کی قیادت اور کچھ دیگر رکن بورڈز کے ساتھ ایک ایسا حل تلاش کرنے کی کوشش کریں گے جو تمام فریقوں کے لیے قابل قبول ہو۔یہ حل انڈیا اور پاکستان کی حکومتوں کی منظوری سے مشروط ہوگا۔آئی سی سی بورڈ میٹنگ میں مکمل رکنیت کے حامل تمام 12 ممالک کے نمائندے شامل تھے۔ اجلاس سے توقع کی جا رہی تھی کہ اس میں چیمپئنز ٹرافی کے مقام پر حتمی فیصلہ کر دیا جائے گا۔جمعے کو ہونے والے ورچوئل اجلاس کے ایجنڈے پر تین آپشنز زیرِغور تھے۔ ان میں ہائبرڈ ماڈل کا آپشن شامل تھا جس کے تحت زیادہ تر میچز پاکستان میں کھیلے جائیں گے لیکن انڈیا کے میچز پاکستان سے باہر کھیلے جائیں گے۔اس کے علاوہ ایک یہ تجویز بھی تھی کہ ٹورنامنٹ مکمل طور پر پاکستان سے باہر کسی اور جگہ کھیلا جائے گا لیکن پی سی بی میزبانی کے حقوق برقرار رکھے گا۔ ایک یہ فارمولہ بھی زیرِغور ہے کہ انڈیا کے بغیر ہی پورا ایونٹ پاکستان میں کھیلا جائے۔یاد رہے کہ چیمپئنز ٹرافی کے مقام پر غیریقینی کیفیت اس وقت پیدا ہوئی جب بی سی سی آئی نے کہا تھا کہ انڈین حکومت نے پاکستان میں ٹیم بھیجنے سے انکار کر دیا ہے۔انڈین کرکٹ بورڈ کے نائب صدر راجیو شکلا نے اے این آئی سے بات کرتے ہوئے اس متعلق کہا ہے کہ ’ہماری بات چل رہی ہے پاکستان بورڈ سے اور آئی سی سی بھی اس معاملے کو دیکھ رہا ہے، ہماری پوزیشن بڑی کلیئر ہے، ہمیں جو حکومت کہے گی ہم وہ کریں گے۔‘
اس سے قبل چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے کہا تھا کہ ’انڈیا کو تحفظات ہیں تو ہم سے بات کرے۔ چیمپیئنز ٹرافی پاکستان میں ہی کرائیں گے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’کھیل کو سیاست سے الگ رکھنا چاہیے۔ آئی سی سی کو اپنی ساکھ کے بارے میں سوچنا ہوگا۔ چیمپیئنز ٹرافی پاکستان میں اچھے طریقے سے ہو گی۔‘