چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا کہنا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی سے متعلق بہت سی باتیں چل رہی ہیں، پاکستان اور بھارت نے اپنی اپنی تجاویز آئی سی سی کے سامنے رکھ دی ہیں۔
اپنے بیان میں ان کا کہنا تھا کہ اگر ہائبرڈ ماڈل کے علاوہ کوئی اور ماڈل بنا تو فیصلہ برابری کی بنیاد پر ہوگا،یہ نہیں ہوسکتا کہ ہم بھارت جائیں اور بھارت پاکستان نہ آئے،یہ نہیں ہوسکتا کہ بھارت کی ہر بات مانی جائے۔
بھارت چیمپیئنز ٹرافی کھیلنے نہ آیا تو پاکستان بھی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ انڈیا میں نہیں کھیلے گا، محسن نقوی
ان کا کہنا تھا کہ یہ نہیں ہوسکتا کہ یہ چیمپئنز ٹرافی کیلئے ہو بلکہ مستقبل میں بھی عملدرآمد ہوگا۔
دوسری جانب بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ پی سی بی نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کےلیے ہائبرڈ ماڈل پر مشروط رضامندی ظاہر کردی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پاکستان نے یہ شرط عائد کی ہے کہ آئندہ بھارت میں ہونیوالے آئی سی سی ایونٹس میں پاکستان کیلئے بھی ہائبرڈ ماڈل ہوگا۔ اگر بھارت پاکستان میں نہیں کھیلے گا، تو پاکستان کیلئے بھی وہی فارمولا ہونا چاہیے۔
پی سی بی نے شرط رکھی ہے کہ بھارت کے سیمی فائنل اور فائنل میں نہ آنے کی صورت میں یہ میچز پاکستان میں ہی ہوں گے۔ یو اے ای میں ہونیوالے میچز کی گیٹ منی سے اماراتی بورڈ پی سی بی کو حصہ دے گا۔