وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان کردیا۔ وفاقی وزارت خزانہ سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 3 روپے 72 پیسے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے 29 پیسے اضافہ کیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی نئی قیمت 252 روپے 10 پیسے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 258 روپے 43 پیسے ہوگئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 48 پیسے فی لیٹر جبکہ مٹی کے تیل کی قیمت میں 62 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ 15 نومبر کو حکومت نے آئندہ 15 روز کے لیے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا تھا، وزارت خزانہ نے بتایا تھا کہ پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 248 روپے 38 پیسے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 255 روپے 14 پیسے پر برقرار رہے گی۔
یاد رہے کہ 31 اکتوبر کو حکومت نے آئندہ 15 روز کے لیے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ اور مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل آئل کی فی لیٹر قیمتوں میں کمی کردی تھی۔
حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں ایک روپے 35 پیسے کا اضافہ کیا تھا جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 3 روپے 85 پیسے فی لیٹر بڑھائی گئی تھی۔