کابل: خودکش دھماکے میں افغان وزیر خلیل الرحمان حقانی جاں بحق

سچ ٹی وی  |  Dec 11, 2024

افغانستان کے دارالحکومت کابل میں خودکش دھماکا ہوا ہے جس کے نتیجے میں افغانستان کی عبوری حکومت کے وزیر برائے مہاجرین خلیل الرحمان حقانی جاں بحق ہوگئے۔

غیرملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق خلیل الرحمان حقانی کے جاں بحق ہونے سے متعلق بھتیجے انس حقانی نے تصدیق کردی۔

رپورٹ کے مطابق افغان وزیر برائے مہاجرین کابل میں وزارت کے دفاتر میں ہونے والے دھماکے میں جاں بحق ہوئے جبکہ انکے علاوہ بھی مزید ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

دوسری جانب افغان پریس ایجنسی خاما کا کہنا ہے کہ یہ دھماکا خودکش تھا، واقعے کے وقت خلیل الرحمان حقانی مسجد کی جانب جارہے تھے۔ واقعے کی ذمہ داری اب تک کسی گروپ نے تسلیم نہیں کی۔

طالبان کے اقتدار میں آنے کے بعد سے اب تک یہ افغانستان میں طالبان حکومت کا سب سے اہم نقصان تصور کیا جارہا ہے۔

واضح رہے کہ خلیل الرحمٰن حقانی جلال الدین حقانی کے بھائی تھے، جنہوں نے حقانی نیٹ ورک کی بنیاد رکھی تھی۔ وہ موجودہ وزیر داخلہ اور حقانی نیٹ ورک کے سربراہ سراج الدین حقانی کے چچا بھی تھے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More