مقبول تاریخی ترک ڈرامے ’ارطغرل غازی‘ میں مرکزی کردار ادا کرنے والے ترکیہ کے اداکار انجین التان دوزیتان نے اپنی عالمی شہرت کا کریڈٹ پاکستان اور پاکستانیوں کو دے دیا۔
انجین التان دوزیتان نے حال ہی میں سعودی عرب میں منعقد ہونے والے ’ریڈ سی‘ فلم فیسٹیول کے ایک ایونٹ میں خطاب کے دوران پاکستان میں اپنے ڈرامے کی مقبولیت پر کھل کر بات کی۔
ایونٹ کے دوران بات کرتے ہوئے ترک اداکار نے کہا کہ ان کے ڈرامے کو پوری دنیا میں سراہا گیا، ان کا ڈراما پہلےہی اپنے ملک میں مقبول ہوچکا تھا لیکن پاکستان میں نشر ہونے کے بعد الگ ہی معاملہ ہوا۔
انجین التان دوزیتان کا کہنا تھا کہ پوری دنیا میں فلموں اور ڈراموں کے شائقین تقریبا ایک جیسے ہی ہوتے ہیں لیکن ’ارطغرل غازی‘ کے پاکستان میں نشر ہونے کے بعد انہیں دوسری طرح کی پذیرائی ملی۔
ان کے مطابق انہیں پاکستان میں ’ارطغرل غازی‘ کی وجہ سے شہرت ملی، ساتھ ہی دنیا بھر میں ان کی مقبولیت میں اضافہ ہوا، وہ سمجھتے ہیں کہ ان کی مقبولیت میں پاکستان کا اہم کردار ہے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ مذکورہ ڈرامے کی شوٹنگ کے دوران ان پر کردار کا اثر ہوچکا تھا اور انہیں کردار کے اثر سے نکلنے میں کافی وقت لگا۔
انجین التان دوزیتان نے ایک اور سوال کے جواب میں بتایا کہ ان کی خواہش رہی ہے کہ وہ کسی ڈرامے یا فلم میں جدید ترکی کے بانی کمال اتا ترک کا کردار ادا کریں۔
سعودی عرب فلم فیسٹیول میں شرکت کی دعوت پر حیرانگی ہوئی یا نہیں؟ اس متعلق پوچھے گئے سوال پر انجین التان دوزیتان کا کہنا تھا کہ انہیں فلم میں شرکت کی دعوت موصول ہونے پر خوشی ہونے سمیت خوشگوار حیرت بھی ہوئی۔
خیال رہے کہ ’ارطغرل غازی‘ کو پاکستان میں پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) پر نشر کیا گیا تھا اور اس نے مقبولیت کے نئے ریکارڈ قائم کیے تھے۔