پشاور میں راج کپور اور دلیپ کمار کے آبائی گھروں کے لیے ورلڈ بینک صوبائی حکومت کو 20 کروڑ روپے فراہم کرے گا۔
اندرون شہر میں موجود بالی وڈ کے لیجنڈ اداکاروں دلیپ کمار اور راج کپور کے آبائی گھروں کی بحالی کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے لیے صوبائی حکومت عالمی بینک کے مالی تعاون سے دونوں گھروں کی تزین و آرائش کرے گی۔
دونوں گھروں کی تزین و آرائش کا کام نئے سال کے آغاز سے کر دیا جائے گا جو محکمہ آثارِ قدیمہ خیبر پختونخوا کی زیر نگرانی مکمل کیا جائے گا۔
ڈائریکٹر محکمہ آثارِ قدیمہ اینڈ میوزیمز خیبر پختونخوا ڈاکٹر عبدالصمد نے اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’ان تاریخی گھروں کی بحالی کے لیے ورلڈ بینک صوبائی حکومت کو فنڈز فراہم کرے گا اور کائٹ پراجیکٹ کے تحت کام مکمل کیا جائے گا۔‘
انہوں نے مزید بتایا کہ ’دونوں گھروں کی تزین و آرائش پر 20 کروڑ روپے کا تخمینہ لگایا گیا ہے کیوں کہ یہ دونوں گھر ہی خستہ حالی کا شکار ہوچکے ہیں جس کے باعث منصوبے کو مکمل کرنے میں وقت لگے گا۔‘
ڈاکٹر عبدالصمد کے مطابق ’انڈین اداکاروں کے آبائی گھروں کو بحال کر کے انہیں میوزیم میں تبدیل کیا جائے گا جہاں ان شخصیات کی یادگار تصاویر اور گھر کا سامان رکھا جائے گا۔‘
ڈائریکٹر محکمہ آثار قدیمہ کے مطابق تاریخی مقامات کی بحالی سے ملکی سیاحوں کے علاوہ بیرون ملک بالخصوص انڈیا کے سیاحوں کی بڑی تعداد بھی یہاں کا رُخ کرے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’منصوبہ مکمل ہونے کے بعد یہ گھر عوام کے لیے کھول دیے جائیں گے۔‘
واضح رہے کہ سال 2021 میں صوبائی حکومت نے راج کپور کی حویلی ڈیڑھ کروڑ روپے جب کہ دلیپ کمار کا گھر 85 لاکھ 60 ہزار روپے میں خریدا تھا۔