دہلی کے سکولوں کو ایک مرتبہ پھر بم کی دھمکی، بچے گھر واپس لوٹ گئے

اردو نیوز  |  Dec 13, 2024

آج جمعے کو ایک مرتبہ پھر نئی دہلی کے متعدد سکولوں کو ای میل کے ذریعے بم کی دھمکی موصول ہوئی ہے، جس کے بعد انتظامیہ نے بچوں کو واپس گھر بھیج دیا ہے۔

این ڈی ٹی وی کے مطابق یہ رواں ہفتے بم کی اطلاع دینے کا دوسرا واقعہ ہے۔ پولیس کو ابھی تک کوئی مشکوک چیز نہیں ملی ہے۔

حکام کے مطابق دہلی پبلک سکول، سلوان سکول، ماڈرن سکول اور کیمبرج سکول کو دھمکی موصول ہوئی تھی۔

سکولوں کی جانب سے والدین کو پیغامات بھی بھیجے گئے کہ وہ اپنے بچوں کو آج نہ بھیجیں۔

دھمکی ای میل کے ذریعے بھیجی گئی جس میں کہا گیا ہے کہ ’سکولوں کے احاطے میں بارودی مواد موجود ہے‘۔ ای میل بھیجنے والے کے مطابق ایک ’خفیہ ڈارک ویب‘ گروپ ہے جو مبینہ بم دھماکوں میں ملوث ہے۔

ای میل میں کہا گیا ہے کہ ’مجھے یقین ہے کہ جب طلبہ سکول کے احاطے میں داخل ہوتے ہیں تو آپ ان کے بیگ چیک نہیں کرتے۔ بم عمارتوں کو تباہ کرنے اور لوگوں کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔ 13 اور 14 دسمبر کو بم دھماکے ہو سکتے ہیں۔ کچھ سکولوں میں پیرنٹ ٹیچر ملاقات بھی ہونے والی ہے۔ یہ ایک اچھا موقع ہوگا جس سے فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے۔‘

اس نے حکام سے یہ بھی کہا کہ وہ بھیجنے والے کے ’مطالبات‘ کو جاننے کے لیے ای میل کا جواب دیں۔

حکام نے بتایا کہ فائر ڈیپارٹمنٹ، پولیس، بم کا سراغ لگانے والی ٹیمیں اور ڈاگ سکواڈ سکولوں میں پہنچ گئے ہیں۔ دوسری جانب دہلی پولیس نے کہا ہے کہ آئی پی ایڈریس کو ڈھونڈنے کی کوشش کر رہی ہے تاکہ ای میل بھیجنے والے کا پتا لگایا جا سکے۔

9 دسمبر کو نئی دہلی میں 40 سے زیادہ سکولوں کو ای میل کے ذریعے اسی طرح کی دھمکی موصول ہوئی تھی۔ بعد ازاں پولیس نے اسے بم کی جھوٹی اطلاع قرار دیا تھا۔

اتوار کی رات 11 بجکر 38 منٹ پر بھیجی گئی ای میل میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ سکول کی عمارتوں کے اندر متعدد ’چھوٹے‘ بم نصب کیے گئے تھے۔ بھیجنے والے نے بم کو ناکارہ بنانے کے لیے 30 ہزار ڈالر کا مطالبہ بھی کیا تھا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More