اہم نکات
سپریم کورٹ میں فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ٹرائل کا کیس
قومی اسمبلی کے اجلاس کے ایجنڈے میں سست رفتار انٹرنیٹ کا مسئلہ
اراکین پارلیمنٹ کے سالانہ گوشوارے جمع کرانے کی حتمی تاریخ
خیبر پختونخوا میں گیس کے نئے ذخائر دریافت
خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت کے بیٹانی-2 کنویں میں گیس اور کنڈینسیٹ کے نئے ذخائردریافت کیے گئے ہیں۔
جمعے کو آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) کی جانب سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق ولی بلاک ساماناسک فارمیشن میں یہ پہلی ہائیڈرو کاربن دریافت ہے۔
کمپنی کے ترجمان نے بتایا کہ ساماناسک فارمیشن سے یومیہ 2.14 ملین اسٹینڈرڈ کیوبک فٹ گیس اور 74 بیرل یومیہ کنڈینسیٹ کی پیداوار حاصل کی جا رہی ہے۔
’ساماناسک فارمیشن میں بیٹانی کنواں -2 او جی ڈی سی ایل کی اہم دریافت ہے۔ مذکورہ دریافت سے علاقے میں مزید کنویں کھودنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔‘
ملٹری کورٹس کو 85 ملزمان کے مقدمات کے فیصلے سنانے کی مشروط اجازت
پاکستان کی سپریم کورٹ نے ملٹری کورٹس کو فوج کی حراست میں موجود 85 ملزمان کے کیسز کے فیصلے کرنے کی مشروط اجازت دے دی ہے۔
جمعے کو جاری کیے گئے فیصلے کے مطابق سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ ملٹری کورٹس کے فیصلے عدالت عظمٰی میں اپیلوں کے حتمی فیصلوں سے مشروط ہوں گے۔
آئینی بینچ نے فیصلے میں کہا ہے کہ جن ملزمان کو کو سزاؤں میں رعایت دی جا سکتی ہے اُن کو رہا کر دیا جائے۔
دوران سماعت جسٹس جمال خان مندوخیل نے سوال کیا کہ کیا عدالت اپیل میں صرف درخواست گزار کی استدعا تک محدود رہے گی؟
شام میں پھنسے سینکڑوں پاکستانی وطن واپس پہنچ گئے
پاکستان کے وزیراعظم کے دفتر سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق 300 سے زائد پاکستانی دمشق سے خصوصی فلائٹ کے ذریعے وطن واپس پہنچ گئے ہیں۔
گزشتہ ہفتے شام میں بشار الاسد کی حکومت کے خاتمے کے بعد غیریقینی صورتحال پیدا ہوئی تھی اور 1100 سے زائد پاکستانی شہری وہاں پھنس کر رہ گئے تھے۔
قومی اسمبلی کے اجلاس کے ایجنڈے میں مہنگی ایل پی جی پر بحث
پاکستان کی قومی اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر سید میر غلام مصظفیٰ شاہ کی زیرِ صدارت قومی اسمبلی کا اجلاس جاری ہے۔
جمعے کو قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کی جانب سے اجلاس کے حوالے سے جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق 6 نکاتی ایجنڈے میں گیس کی مقامی پیداوار میں کمی اور مہنگی ایل این جی کی درآمد پر توجہ دلاؤ نوٹس پیش کیے جائیں گے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی پاکستان لینڈ پورٹ اتھارٹی بل 2024 ایوان میں پیش کریں گے جبکہ سالانہ صدارتی خطاب پر بحث کی تحریک بھی ایجنڈے کا حصہ ہے۔
اجلاس میں ملک بھر میں انٹرنیٹ کی سست رفتار پر عالیہ کامران توجہ دلاؤ نوٹس پیش کریں گی۔
اراکین پارلیمنٹ و صوبائی اسمبلیوں کے ارکان کے اثاثوں کے گوشوارے
پاکستان میں الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ اراکین پارلیمنٹ و صوبائی اسمبلی ممبران کے اثاثوں اور واجبات کے گوشوارے برائے مالی سال 2023-24 کے جمع کروانے کی حتمی تاریخ 31 دسمبر 2024 ہے۔
کمیشن نے کہا ہے کہ الیکشن ایکٹ 2017 کی دفعہ 137 کے تحت تمام اراکین پارلیمنٹ و صوبائی اسمبلی کے ممبران کے لئے لازم ہے کہ وہ اپنے بشمول شریک حیات و زیر کفالت بچوں کے اثاثوں اور واجبات کے گوشوارے برائے مالی سال2023-24 مجوزہ فارم بی کی صورت میں مقررہ تاریخ سے پہلے یا 31دسمبر 2024 تک الیکشن کمیشن کے پاس جمع کروا دیں۔