ساؤتھ انڈین فلم انڈسٹری کے سپر سٹار اور فلم پشپا ٹو کے اداکار الو ارجن کو بھگدڑ کیس میں گرفتاری کے بعد عبوعی ضمانت پر رہا کر دیا گیا ہے۔ این ڈی ٹی وی کے مطابق گزشتہ ہفتے حیدرآباد میں فلم پشپا ٹو کی سکریننگ کے دوران بھگدڑ مچنے سے ایک خاتون ہلاک اور ان کے بیٹے زخمی ہو گئے تھے۔ انڈین میڈیا رپورٹس کے مطابق جمع کو الو ارجن کو ان کے جوبلی ہلز کے گھر سے گرفتار کر کے چھکڈپلی پولیس سٹیشن لیجایا گیا تھا۔ گرفتاری کے وقت ان کے والد اور اہل خانہ بھی موقع پر موجود تھے۔الو ارجن نے گرفتاری کے بعد یہ شکایت کی تھی کہ پولیس ان کے بیڈ روم میں داخل ہوئی۔ واضح رہے حیدرآباد پولیس نے 41 سالہ اداکار، انکی سکیورٹی ٹیم اور ساندھیا تھیٹر کی انتظامیہ پر مقدمہ درج کر رکھا ہے۔ 11 دسمبر کو اداکار نے تیلنگنا ہائی کورٹ سے کیس خارج کرنے کی درخواست کی تھی۔بھگدڑ کے دوران ہلاک ہونے والی خاتون کے شوہر نے اپنی شکایت میں کہا تھا کہ الو ارجن اور تھیٹر کی انتظامیہ نے اپنے دورے سے قبل پولیس کو آگاہ نہیں کیا تھا جس کی وجہ سے بدنظمی دیکھنے میں آئی۔تاہم ادارکار کی گرفتاری کے بعد دستاویز سامنے آئے ہیں جس میں الو ارجن کی آمد کے بارے میں پولیس کو آگاہ کیا گیا تھا۔ دوسری جانب این ڈی ٹی وی نے دعویٰ کیا ہے کہ ہلاک ہونے والی خاتون کے شوہر نے اپنی شکایت واپس لے لی ہے اور کہا ہے کہ انہیں اندازہ نہیں تھا کہ ان کی شکایت کی وجہ سے اداکار کو گرفتار کر لیا جائے گا۔ یاد رہے فلم پشپا 2 کی ریلیز کے بعد ایک تھیٹر کی سکریننگ کے دوران الو ارجن نے مداحوں کو اپنی آمد سے سرپرائز کیا تھا۔ اس دوران تھیٹر میں بھگدڑ مچنے سے 35 سالہ خاتون کچلے جانے سے ہلاک ہو گئی تھیں جبکہ ان کا 9 سالہ بیٹا زخمی ہو گیا تھا۔