بالی وڈ سپرسٹار سلمان خان سے علیحدگی اختیار کرنے کے بعد میڈیا کی زینت بننے والی سنگیتا بجلانی نے سابق کرکٹز اظہرالدین سے شادی کر کے بھی خوب شہرت حاصل کی۔
شوبز ویب سائٹ کُوئی مُوئی کے مطابق سنگیتا بجلانی اور اظہرالدین کی شادی بھی اختتام پذیر ہوئی اور افواہوں کے مطابق مبینہ طور پر اس کے پیچھے بیڈمنٹن کھلاڑی جوالا گٹا کا بھی ہاتھ تھا۔
’بالی وڈ شادی‘ کے مطابق سنگیتا بجلانی اور اظہرالدین کی ملاقات 1985 میں ایک اشتہار کی شوٹنگ کے دوران ہوئی۔
اس شوٹنگ کے دوران کرکٹر کو پہلی نظر میں ہی اداکارہ سے محبت ہوگئی جس کے بعد اظہرالدین نے انہیں پرپوز کیا۔
دونوں معروف شخصیات کے درمیان محبت کا سلسلہ بڑھتا گیا، تاہم یاد رہے کہ اس دوران اظہرالدین کی پہلی شادی نورین سے ہو چکی تھی جس کے بعد اُن کے دو بیٹوں اسد الدین اور ایاز الدین کی پیدائش بھی ہوئی۔
اظہرالدین نے سنگیتا بجلانی سے شادی کرنے کے لیے اپنی پہلی اہلیہ کو طلاق دی جس کے بعد 14 نومبر 1996 کو اُن دونوں کی ممبئی کے تاج محل ہوٹل میں شادی ہوئی۔
یہ شادی 14 برس تک قائم رہی اور اس جوڑے کی محبت کو انڈسٹری میں خوب پذیرائی ملی، تاہم 14 سال کے بعد دونوں میں طلاق ہوگئی جس نے مداحوں سمیت ہر کسی کو حیران کر دیا۔
افواہوں کے مطابق اس طلاق کے پیچھے وجہ یہ تھی کہ اظہرالدین کے بیڈمنٹن سٹار جوالا گٹا سے تعلقات بڑھنا شروع ہوئے جس کے بعد اظہرالدین اور سنگیتا بجلانی کے درمیان 2010 میں طلاق ہوگئی۔
اظہرالدین اور جوالا گٹا نے اپنے اوپر لگنے والے الزامات کی تردید کی۔
جوالا گٹا نے 2021 میں جنوبی انڈیا کے اداکار وِشنو وِشال سے شادی کی (فائل فوٹو: انسٹاگرام)
اظہرالدین نے ٹائمز آف انڈیا کو دیے گئے اپنے بیان میں کہا کہ ’میں جوالا گٹا کو کئی برسوں سے جانتا ہوں۔ وہ میری دوست ہیں اور ہمیشہ رہیں گی۔ ہمارے بارے میں جھوٹی کہانیاں گھڑی گئی ہیں اور یہ افواہیں اُن لوگوں نے گھڑی ہیں جو بیڈمنٹن ایسوسی ایشن آف انڈیا میں میرے خلاف ہیں۔‘
اسی طرح ٹائمز آف انڈیا کو اپنے انٹرویو میں جوالا گٹا نے بتایا کہ ’افواہوں کے حوالے سے میں بہت غصے میں ہوں۔ یہ افواہیں بیڈمنٹن ایسوسی ایشن کے لوگوں نے پھیلائی ہیں۔‘
خیال رہے کہ اظہرالدین اور جوالا گٹا کے رشتے کی خبریں اُس وقت ختم ہوئیں جب جوالا نے 2021 میں جنوبی انڈیا کے اداکار وِشنو وِشال سے شادی کی۔
دوسری جانب سنگیتا بجلانی نے اظہرالدین سے طلاق کے بعد دوسری شادی نہیں کی، جبکہ اظہرالدین اپنی تیسری اہلیہ شینن میری کے ساتھ رہتے ہیں۔