مشتاق احمد کی وقار یونس اور وسیم اکرم کو بھاری ہرجانے کی دھمکی

سچ ٹی وی  |  Feb 27, 2025

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑی اور موجودہ بنگلا دیشی بولنگ کوچ مشتاق احمد نے وقار یونس اور وسیم اکرم کو ہرجانے کی دھمکی دے دی۔

ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم یوٹیوب کے ایک شو کے دوران مشتاق احمد نے بذریعہ ویڈیو اپنے ماضی کے ساتھیوں کے لیے پیغام بھیجا جسے پروگرام کے دوران چلایا گیا۔

مذکورہ پیغام میں انہوں نے پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑیوں وقار یونس اور وسیم اکرم سے ان کے ماضی کے رویوں پر شکوہ کیا ہے اور کہا ہے کہ جب ہم تینوں ٹیم کا حصہ ہوا کرتے تھے تو وقار یونس اور وسیم اکرم مجھے ہراسگی کا نشانہ بناتے تھے جس کے لیے میں انہیں عدالت میں لے کر جاؤں گا۔

مشتاق احمد کا کہنا ہے کہ وقار یونس اور وسیم اکرم میرے ساتھ تضحیک آمیز رویہ اخیتار کرتے تھے، جس سے میرا اعتماد اور پرفارمنس متاثر ہوئی، اس کے لیے میں وقار یونس کو 20 کروڑ اور وسیم اکرم کو 15 کروڑ ہرجانے کا نوٹس بھیج رہا ہوں، اب میں ان سے عدالت میں ملوں گا۔

بنگلا دیشی بولنگ کوچ کا مذکورہ خصوصی پیغام سن کر ان کے ماضی کے ساتھی کھلاڑی وقار یونس اور وسیم اکرم ہنس ہنس کر لوٹ پوٹ ہو گئے۔

وسیم اکرم نے مشتاق احمد کے سنجیدہ انداز کے مذاق پر انہیں سراہتے ہوئے تالیاں بجائیں جبکہ وقار یونس نے کہا کہ مشی بھائی (مشتاق احمد) کے اس پیغام سے ہمارا شو اچھا ہو جائے گا، اس کے ساتھ ہی انہوں نے شکوہ بھی کیا کہ مجھ سے 5 کروڑ زیادہ کیوں مانگ رہے ہیں؟ جس پر وسیم اکرم نے کہا کہ کیونکہ آپ ان کی دکھتی رگ پر ہاتھ رکھتے ہیں۔

سوئنگ کے سلطان نے مشتاق احمد کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہم آپ کے بہت بڑے مداح ہیں، انہوں نے ماضی کی روایت برقرار رکھتے ہوئے بنگلا دیشی بولنگ کوچ کی ٹانگ ایک بار پھر کھینچی اور کہا کہ اعتماد کی بات آپ نہ کریں آپ نے اچھے سے اچھے دن بھی انڈا (صفر) اسکور کیا ہے اس لیے ہم عدالت میں ہی ملیں گے، دوسری جانب وقار یونس نے مشتاق احمد سے معافی مانگ لی۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More