آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے نویں میچ میں پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان ٹاس بارش کے باعث منسوخ کر دیا گیا ہے۔
راولپنڈی میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہا اور آسمان پر گہرے سیاہ بادل چھائے رہے جس کی وجہ سے ٹاس بھی ممکن نہ ہو سکا۔
پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جانے والا یہ دونوں ٹیموں کے لیے رسمی کارروائی تھا کیونکہ پاکستان اور بنگلہ دیش دونوں ہی چیمپئنز ٹرافی سے باہر ہو چکی ہیں۔
دونوں ٹیمیں ٹورنامنٹ میں آج اپنا آخری میچ کھیل رہی تھیں۔
میچ منسوخ ہونے کے باعث دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دیا گیا ہے۔
اس سے قبل پاکستان کو اپنے دوسرے میچ میں روایتی حریف انڈیا سے چھ وکٹوں سے شکست ہوئی۔
اسی طرح گرین شرٹس کو ٹورنامنٹ کے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ سے 60 رنز سے ہار کا سامنا کرنا پڑا۔
بنگلہ دیش کو اپنے پہلے میچ میں انڈیا کے ہاتھوں 6 وکٹوں سے شکست ہوئی جبکہ دوسرے میچ میں نیوزی لینڈ نے بنگلہ دیش کو پانچ وکٹوں سے ہرایا۔