صدر مملکت آصف علی زرداری نے ایوان صدر میں ہونے والی تقریب کے دوران ابوظبی کے ولی عہد شیخ خالد بن محمد بن زاید النہیان کو نشان پاکستان سے نواز دیا۔ ابوظبی کے ولی عہد شیخ خالد بن محمد بن زاید النہیان ایوان صدر پہنچے جہاں صدر مملکت آصف زرداری نے معزز مہمان کا پرتپاک استقبال کیا۔
ایوان صدر میں شیخ خالد بن محمد بن زاید النہیان کو نشان پاکستان سے نوازنے کی خصوصی تقریب جاری ہے جس میں صدر مملکت آصف زرداری، وزیراعظم شہبازشریف، نائب وزیراعظم اسحٰق ڈار، چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری سمیت دیگر شریک ہیں۔
تقریب کے دوران صدر مملکت آصف علی زرداری نے ابوظہبی کے ولی عہد خالد بن محمد بن زاید النہیان کو نشان پاکستان سے نوازا۔
ابوظبی کی ولی عہد کی پاکستان کے لیے خدمات کے اعتراف میں انہیں نشان پاکستان کا اعزاز دیا گیا۔
شیخ خالد بن محمد بن زاید النہیان نے پاکستان کے ساتھ تجارتی، اقتصادی، سرمایہ کاری کے شعبے میں تعاون کے فروغ کے لیے کردار ادا کیا۔
اس سے قبل، ابو ظبی کے ولی عہد شیخ خالد بن محمد بن زاید النہیان وفد کے ساتھ نورخان ایئربیس پہنچے، اماراتی وفد میں وزرا، کاروباری شخصیات اور اعلیٰ حکام شریک تھے۔
صدر پاکستان، وزیراعظم شہباز شریف سمیت حکومتی وزرا نے معزز مہمان کا والہانہ استقبال کیا، بچوں نے انہیں گلدستے پیش کیے جب کہ دارالحکومت میں بارش کے پیش نظر شہباز شریف معزز مہمان کو بارش سے محفوظ رکھنے کے لیے خود چھتری تھام کر چلتے رہے۔
شیخ خالد بن محمد بن زاید النہیان کو وزیراعظم ہاؤس پہنچنے پر گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، ولی عہد نے شہبازشریف کے ہمراہ گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا۔