ابوظبی کے ولی عہد کا دورہ پاکستان، مختلف شعبوں میں یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط 

اردو نیوز  |  Feb 27, 2025

پاکستان اور متحدہ عرب امارات نے بینکنگ، کان کنی، ریلویز اور انفراسٹرکچر کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے حوالے سے مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط کیے ہیں۔ان معاہدوں پر دستخط جمعرات کو ابوظبی کے ولی عہد اور ابوظبی ایگزیکٹیو کونسل کے چیئرمین شیخ خالد بن محمد بن زاید النہیان کے دورۂ اسلام آباد کے موقع پر کیے گئے۔

بعدازاں ابوظبی کے ولی عہد دورۂ پاکستان مکمل کرنے کے بعد اپنے وطن روانہ ہوگئے، وزیراعظم شہباز شریف نے انہیں نُور خان ایئربیس پر رُخصت کیا۔شیخ خالد بن محمد بن زاید النہیان پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر جمعرات کی سہ پہر اسلام آباد پہنچے تھے جس کے بعد انہوں نے وفد کے ہمراہ اُن سے ملاقات کی۔اس موقع پر انہوں نے پُرتپاک استقبال کرنے پر وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا اور پاکستان کی اقتصادی ترقی اور خوش حالی کے لیے متحدہ عرب امارات کی مسلسل حمایت کا اعادہ کیا۔ملاقات کے دوران شہباز شریف نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔شہباز شریف نے رواں ماہ کے شروع میں ابوظبی میں متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کے ساتھ اپنی ملاقات کا ذکر بھی کیا۔انہوں نے کہا کہ یہ امر باعث اطمینان ہے کہ دونوں ممالک اپنے بہترین سیاسی تعلقات کو فائدہ مند اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرنے کے لیے مل کر کام کر رہے ہیں۔وزیراعظم کے مطابق ان کے حالیہ دورۂ ازبکستان کے دوران ازبکستان ۔ افغانستان - پاکستان ریلوے لائن منصوبے پر بات چیت ہوئی۔انہوں نے بتایا کہ ’ازبکستان نے بھی اس منصوبے میں بھرپور دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔ اس منصوبے کی بدولت گوادر اور ابوظبی پورٹس کو فائدہ ہو گا اور یہ منصوبہ اس خطے کے لیے گیم چینجر ثابت ہو گا۔‘

بینکنگ، اور ریلویز کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط ہوئے (فوٹو: پی ایم آفس)

وزیراعظم پاکستان نے ہر مشکل وقت میں ساتھ دینے پر متحدہ عرب امارات کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے مختلف شعبوں میں پاکستان کے لیے یو اے ای کی مسلسل اور مضبوط حمایت کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ مختلف پاکستانی اداروں اور ابوظبی پورٹس کے درمیان حالیہ کامیاب سرمایہ کاری کے اقدامات مضبوط اور مسلسل بڑھتے ہوئے تعاون کی روشن مثال ہیں۔بعد ازاں سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں شہباز شریف نے لکھا کہ انہیں آج ابوظبی کے ولی عہد اور ابوظبی ایگزیکٹیو کونسل کے چیئرمین شیخ خالد بن محمد بن زاید النہیان کا استقبال کرنے پر فخر ہے۔’ہم نے نتیجہ خیز بات چیت کی اور تجارت، سرمایہ کاری اور توانائی کے شعبوں میں تعاون میں اضافے کے ذریعے اپنے بہترین دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کا عزم کیا۔‘شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ’متحدہ عرب امارات کے شاہی خاندان کی حوصلہ افزائی اور حمایت سے، پاکستان اور یو اے ای کے تعلقات مضبوط سے مضبوط تر ہو رہے ہیں۔‘

وزیراعظم پاکستان نے ہر مشکل وقت میں ساتھ دینے پر متحدہ عرب امارات کا شکریہ ادا کیا (فوٹو: پی ایم آفس)

ولی عہد اور ابوظبی ایگزیکٹیو کونسل کے چیئرمین شیخ خالد بن محمد بن زاید النہیان ایوان صدر بھی گئے جہاں انہیں ’نشانِ پاکستان‘ سے نوازا گیا۔شیخ خالد بن محمد بن زاید النہیان کے ہمراہ اعلٰی سطح کے وفد میں وزرا، اعلٰی حکام اور ممتاز کاروباری شخصیات شامل تھیں جنہوں نے پاکستانی حکام سے باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت کی۔قبل ازیں شیخ خالد بن محمد بن زاید النہیان کو وزیراعظم ہاؤس میں پاکستان کی مسلح افواج کے خصوصی دستے نے سلامی دی جبکہ ایئرپورٹ پر صدر پاکستان آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے ان کا استقبال کیا۔اس موقعے پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور خاتونِ اول آصفہ بھٹو زرداری بھی موجود تھیں۔اس موقعے پر روایتی لباس میں ملبوس دو بچوں نے ابوظبی کے ولی عہد کو پھول پیش کیے، پاکستان اور یو اے ای کے جھنڈے تھامے دیگر بچوں نے انہیں خوش آمدید کہا۔ ان کے استقبال کے لیے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کو خوب صورتی سے سجایا گیا تھا، معزز مہمان کے راستے میں خیرمقدمی بینرز اور جھنڈے آویزاں کیے گئے تھے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More