ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز: پاکستان اور انڈیا کا میچ منسوخ

اردو نیوز  |  Jul 20, 2025

ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز 2025 میں آج برمنگھم میں کھیلا جانے والا پاکستان اور انڈیا کا میچ منسوخ کر دیا گیا ہے۔

ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز کے منتظمین نے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر میچ کی منسوخی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم جذبات کو ٹھیس پہنچانے کے لیے ایک بار پھر خلوص دل سے معذرت خواہ ہیں اور اُمید کرتے ہیں کہ لوگ سمجھ جائیں گے کہ ہم صرف شائقین کے لیے خوشی کے چند لمحات لانا چاہتے تھے۔‘

انسٹاگرام پوسٹ میں کہا گیا ہے کہ ’ہم نے ہمیشہ کرکٹ کو پسند کیا ہے اور اس سے محبت کی ہے، اور ہمارا واحد مقصد شائقین کو کچھ اچھے، خوشی کے لمحات دینا ہے۔‘ 

’یہ خبر سننے کے بعد کہ پاکستان ہاکی ٹیم رواں سال انڈیا آئے گی، اور حالیہ انڈیا بمقابلہ پاکستان والی بال اور دیگر بین الاقوامی میچوں کو دیکھنے کے بعد، ہم نے صرف دنیا بھر کے لوگوں کو کچھ خوشگوار یادیں دینے کے لیے ڈبلیو سی ایل میں انڈیا  بمقابلہ پاکستان میچ کو جاری رکھنے کا سوچا تاہم، ہم نے انڈیا بمقابلہ پاکستان میچ کو منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔‘

    View this post on Instagram           A post shared by World Championship Of Legends | WCL (@worldchampionshipoflegends)

ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز کے مطابق باقی تمام میچز اپنے طے شدہ شیڈول کے مطابق ہوں گے۔

حکومت پاکستان نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ انڈیا میں آئندہ ہونے والے ہاکی ٹورنامنٹس کے لیے ٹیم نہیں بھیجے گا۔

فیصلے کی وجہ سکیورٹی خدشات ہیں جو ممکنہ طور پر پاکستان کی آئندہ سال ہونے والے ورلڈ کپ میں شرکت کو خطرے میں ڈال سکتے ہیں۔

یاد رہے کہ ایٹمی طاقت کے حامل ان دونوں پڑوسی ممالک کے درمیان حالیہ عرصے میں کشیدگی عروج پر پہنچ گئی تھی۔ مئی میں چار روز تک جاری رہنے والی اس جھڑپ کے دوران 70 کے قریب افراد ہلاک ہوئے تھے۔

انڈیا میں رواں برس اگست اور ستمبر میں ہونے والے ایشیا کپ میں پاکستان نے شرکت کرنا تھی جس کے لیے ہاکی فیڈریشن نے حکومت سے اجازت طلب کی تھی۔

ذرائع کے مطابق پاکستان نومبر میں انڈیا میں ہونے والے جونیئر ورلڈ کپ میں بھی شرکت نہیں کرے گا۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More