وہ خلاباز جو پراسرار حادثے کے نتیجے میں خلا سے سیدھا زمین پر آ گِرا

ولادیمیر کوماروف

،تصویر کا ذریعہGetty Images

یہ اپریل 1967 کی بات ہے جب سوویت یونین نے اپنے خلائی مشن ’سویوز ون‘ کو پیش آنے والے تباہ کن حادثے اور خلائی جہاز میں موجود خلاباز کی موت کا اعلان کیا۔

خلابازی کی تاریخ کے اس خوفناک حادثے میں سوویت یونین کے اس وقت کے سب سے بہترین خلا باز ہلاک ہو گئے تھے۔

40 سالہ کرنل ولادیمیر کوماروف کسی بھی خلائی حادثے میں ہلاک ہونے والے دنیا کے پہلے خلا باز ہیں۔ وہ ایک تجربہ کار خلا باز تھے اور اپنی دوسری خلائی پرواز کے دوران زمین پر واپس آنے سے پہلے کے اپنے تمام تجربات کامیابی سے مکمل کر چکے تھے۔

مگر خلائی جہاز کے زمین پر لینڈنگ کرنے سے چند منٹ قبل جیسے ہی وہ زمین کی فضا میں داخل ہوئے تو ان کے خلائی جہاز کی زمین کی جانب اترنے کی رفتار کو کم کرنے والے پیراشوٹ کی تاریں آپس میں الجھ گئیں اور وہ سیدھے زمین پر آن گرے اور ہلاک ہو گئے۔

خلائی جہاز بلندی سے زمین پر آن گرا تھا اور کرنل کوماروف اس ٹکراؤ سے پیدا ہونے والے جھٹکے کے باعث موقع پر ہی ہلاک ہو گئے تھے۔

ولادیمیر کوماروف 16 مارچ 1927 کو ماسکو میں پیدا ہوئے تھے۔ ابتدائی عمر میں ان کو ریاضی اور ہوا بازی میں گہری دلچسپی تھی۔ وہ فلائٹ سکول سے فارغ التحصیل ہونے کے بعد اس وقت کے سوویت یونین کے بہترین ٹیسٹ پائلٹ بن گئے تھے۔

اس دور میں سوویت یونین خلا میں جانے کی اس دوڑ میں ہر لحاظ سے آگے تھا، انھوں نے پہلا خلائی جہاز ’سپتنک‘ خلا میں بھیجا تھا، اسی طرح پہلی بار ’لائیکا‘ نامی کتیا کو خلا میں بھیجنے کا تجربہ کیا گیا تھا جبکہ امریکہ ان معاملات میں روس کی پیروی کر رہا تھا۔

یہ وہی سال تھا جس میں امریکہ کے خلا میں جانے کے مشن ’اپولو ون‘ میں بھی لانچ پیڈ پر سوار تین خلا باز آگ لگنے کے باعث ہلاک ہو گئے تھے۔

پراسرار حادثہ

خلائی مشن

،تصویر کا ذریعہGetty Images

ماسکو کی جانب سے اس تباہ کن خلائی حادثے کے متعلق بہت کم  تفصیلات فراہم کی گئیں اور تباہ ہونے والے خلائی جہاز کی آخری پرواز کے آخری لمحات سے متعلق بہت سے اسرار آج بھی باقی ہیں۔

کوماروف نے اس سے قبل سنہ 1964 واسکوڈ نامی خلائی جہاز میں اپنی پہلی خلائی پرواز کامیابی سے مکمل کی تھی۔

کوماروف کی جانب سے اپنی پہلی تاریخی خلائی پرواز مکمل کرنے کے اگلے دن لینوڈ برہزیف اس وقت کی سوویت یونین کی کمیونسٹ پارٹی کے چیئرمین منتخب ہوئے تھے اور انھوں نے پرعزم سویوز خلائی پروگرام کی بنیاد رکھی تھی۔

خلائی مشنز کے ماہر صحافی رچرڈ ہولنگھام نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ ایک خطرناک خلائی مشن تھا، سوویت یونین کوماروف کو خلا میں بھیجنے کے بعد ایک اور مشن میں دو ارکان کو بھیجنے کا ارادہ رکھتا تھا۔ جہاں ان دونوں خلائی جہازوں کی ملاقات ہونا تھی جہاں کوماروف نے ایک خلائی جہاز سے دوسرے خلائی جہاز میں منتقل ہونا تھا اور اس میں بیٹھ کر واپس زمین پر آنا تھا۔‘

مگر جیسے جیسے اس مشن کے آغاز کی تاریخ قریب آ رہی تھی یہ واضح ہو رہا تھا کہ سویوز ون خلائی جہاز میں کچھ خرابیاں تھیں۔ اگرچہ سویوز ون خلائی جہاز کو ایک جدید اور بھاری قسم کے خلائی جہاز کے طور پر جانا جاتا تھا، جسے سوویت یونین کی جانب سے چاند پر انسان کو بھیجنے کی کوشش کے لیے بنایا گیا تھا، اور کرنل کوماروف کے بارے میں خیال کیا جاتا تھا کہ یہ حادثے کے وقت اس کا تجربہ کر رہے تھے۔

اب یہ خیال کیا جاتا ہے کہ سویوز ون خلائی پرواز شروع سے ہی مسائل کا شکار تھی، اور یہ کہ یہ جہاز انسانوں کی پرواز کے لیے تیار نہیں تھا۔

مگر لینن کی سالگرہ کی مناسبت سے خلائی کارنامے دکھانے کے سیاسی دباؤ کے باعث انجینیئرز کے اعتراضات کو مسترد کر دیا گیا۔

ولادمیر کوماروف

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشن

خلا باز ولادیمیر کوماروف خلائی مشن سے قبل سخت تربیت لیتے ہوئے

صحافی رچرڈ کہتے ہیں کہ سنہ 1967 کا سوویت یونین کا خلائی مشن خامیوں سے بھرا ہوا تھا اور اسے عجلت میں بنایا گیا تھا۔

مگر تمام تر خدشات کے باوجود سویوز ون مشن کو 23 اپریل 1967 کو کامیابی سے خلا کی جانب بھیجا گیا۔

صحافی رچرڈ کہتے ہیں کہ ’کرنل کوماروف کو پرواز کے وقت ہی پتہ تھا کہ جہاز میں کوالٹی کنٹرول کے مسائل ہیں۔ اور جیسے ہی وہ خلا میں پہنچے تو خلائی جہاز کے نظام نے کام کرنا چھوڑ دیا۔‘

وہ کہتے ہیں کہ ’اس جہاز کو توانائی فراہم کرنے والی سولر پلیٹس بھی خلا میں نہیں کھلی تھیں جس نے ان کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا۔‘

سویوز ون مشن میں مسائل کے بعد سویوز ٹو کو خلا میں بھیجنے کا مشن منسوخ کر دیا گیا اور کوماروف کو حکم دیا گیا کہ وہ واپس زمین کی جانب رُخ کرنے کی کوشش کریں۔

ماسکو میں نامہ نگاروں کو یہ اشارے ملے تھے کہ گذشتہ روز سے پرواز کے ساتھ کچھ مسئلہ تھا، جب ماسکو ریڈیو پر اس سے متعلق پہلے کی رپورٹس اچانک نشر ہونا بند ہو گئیں اور تقریباً 13 گھنٹے تک خلائی پرواز کا کوئی ذکر نہیں تھا۔

اس حادثے کے محرکات سے متعلق بات کرتے ہوئے ماہرین سوال کرتے ہیں کہ کرنل کوماروف نے خلائی جہاز سے باہر نکلنے کے لیے ایجیکشن سسٹم کا استعمال کیوں نہیں کیا۔

صحافی رچرڈ ہولنگھام کے مطابق ’ایسا محسوس ہوا تھا کہ اس تباہ کن خلائی مشن کے باوجود وہ زمین پر اترنے میں کامیاب ہو رہے تھے مگر اس وقت پیراشوٹ میں خرابی پیدا ہوئی اور وہ سیدھے زمین پر آ گرے۔‘

اس حادثے کے بعد ایسی قیاس آرائیاں بھی کی گئی کہ اس تباہ کن مشن کے دوران کوماروف سوویت سائنسدانوں سے رابطے میں تھے اور انھوں نے سوویت یونین کو غلطیوں سے سیکھنے کے بارے میں سخت الفاظ استعمال کیے تھے۔ یہ بھی کہا جاتا ہے کہ خلاباز کو دل کی تکلیف بھی لاحق تھی۔

کوماروف سے متعلق اکثر یہ بھی دعویٰ کیا جاتا ہے کہ انھیں پتا تھا کہ وہ زندہ زمین پر واپس نہیں آ سکیں اور اسی لیے انھوں نے مطالبہ کیا تھا کہ ان کی لاش کو عوام کو دکھایا جائے تاکہ سوویت رہنماؤں کو شرمندہ کیا جا سکے۔

تاہم رچرڈ ہولنگھام کہتے ہیں کہ ’اس متعلق کوئی شواہد نہیں ہیں اور وہ ایک محب وطن شخص تھے جو اس طرح کے پراپیگنڈے سے مخالفوں کی مدد کرنے کا سوچ نہیں سکتے تھے۔‘

یہ بھی پڑھیے

ولادیمیر کوماروف

،تصویر کا ذریعہGetty Images

بہادری پر گولڈ سٹار کا اعزاز

ماسکو میں کمیونسٹ پارٹی کے ایک تعزیتی پیغام میں انھیں ’مادرِ وطن کا ایک وفادار بیٹا‘ اور ’خلا کا ایک دلیر متلاشی‘ قرار دیا گیا۔

کرنل ولادیمیر کا 26 اپریل 1967 کو ماسکو کے ریڈ سکوائر پر سرکاری اعزاز کے ساتھ جنازہ ہوا اور انھیں ان کی بہادری کے لیے ملک کا دوسرا سب سے بڑا اعزاز گولڈ سٹار دیا گیا۔

ان کی باقیات کو کریملن کی دیوار میں دفنایا گیا جو بطور ایک سوویت شہری کے سب سے اعلیٰ اعزاز ہے۔

کرنل کوماروف کی ہلاکت کی خبر کو امریکہ میں افسوس اور تشویش کے طور پر دیکھا گیا اور امریکہ کے خلائی مشن کے سربراہ جیمز ویب نے خلائی دریافتوں کے لیے وسیع تعاون پر زور دیا۔

ٹیکساس میں کام کرنے والے 47 امریکی خلابازوں کی ٹیم نے اپنے روسی حریفوں کو تعزیتی ٹیلی گرام بھیجا تھا۔

ولادیمیر کوماروف

،تصویر کا ذریعہGetty Images

اس واقعے کے بعد بھی سوویت یونین مزید دو سال تک خلائی دوڑ پر غلبہ حاصل کرتا رہا، جب تک کہ امریکہ نے سنہ 1969 میں اپولو 11 مشن کے ساتھ پہلا انسان چاند پر نہیں اُتارا۔

سوویت یونین کے ٹوٹنے کے بعد سے روس اور امریکہ نے مل کر خلا میں وسائل اور ٹیکنالوجی کو استعمال کیا ہے۔ اب دونوں قومیں خلا میں ایک مشترکہ بین الاقوامی خلائی سٹیشن کی شراکت دار ہیں جو 2000 میں شروع ہوا تھا۔

اس نے سوویت خلائی پروگرام کی آخری علامت خلائی سٹیشن میر کی جگہ لی ہے جسے 2001 میں زمین پر واپس گرنے کی اجازت دی گئی تھی۔