Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پولیس کی طرف جو ہاتھ بڑھے گا، توڑ دیا جائے گا: نگراں وزیراعلٰی پنجاب

محسن نقوی نے کہا کہ حکومت کی رٹ قائم ہو گی۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پنجاب کے نگراں وزیر اعلٰی محسن نقوی نے تحریک انصاف کو سخت پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ اب پولیس کو فری ہینڈ دے دیا گیا ہے اور ’جو ہاتھ پولیس کی طرف بڑھے گا وہ توڑ دیا جائے گا۔‘
پیر کو محسن نقوی نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ’پولیس کے خلاف تشدد پر خاموش نہیں رہا جا سکتا اور انہوں نے حکام کو کہہ دیا ہے کہ اب انہیں جو کرنا پڑے وہ کریں۔‘
ان کی یہ پریس کانفرنس گذشتہ ہفتے لاہور اور اسلام آباد میں ہونے والے پولیس اور تحریک انصاف کے مظاہرین کے درمیان پُرتشدد ٹکراؤ کے بعد کی گئی ہے۔
پریس کانفرنس کے دوران مظاہرین کے ہاتھوں پولیس والوں پر تشدد اور نہر میں پھینکی ہوئی ایک سرکاری جیپ کی ویڈیو بھی دکھائی گئی۔ 
اس کا جواب دیتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے سینیئر نائب صدر فواد چوہدری نے ٹوئٹر پر  محسن نقوی کے خلاف انتہائی سخت زبان استعمال کرتے ہوئے انہیں ’غنڈہ‘ قرار دیا اور کہا کہ ’دو تین ہفتے بعد وہ اپنے جوتے بھی نہر میں چھوڑ کر بھاگ جائیں گے۔‘ 
دونوں اطراف سے اس نئی بیان بازی کے بعد سیاسی ماحول ایک مرتبہ پھر کشیدہ نظر آرہا ہے اور اس میں بہتری کی امید وقتی طور پر دم توڑ گئی ہے۔ 
محسن نقوی کا پریس کانفرنس کے دوران کہنا تھا کہ وہ ہر صورت حکومتی رٹ قائم کریں گے۔ 
انہوں نے کہا کہ ’حکومت کی رٹ قائم ہو گی۔ اگر کوئی چیلنج کرے گا، پولیس کی طرف ہاتھ بڑھائے گا وہ ہاتھ توڑیں گے۔ اب یہ نہیں ہو گا کہ پولیس مار کھاتی  رہے۔ 
نگران وزیراعلٰی نے کہا کہ وہ رات دیر تک پولیس افسران سے جوانوں کے مورال اور مجموعی صورتحال کے بارے میں بات کرتے رہے اور انہوں نے ان کو حوصلہ دیا کہ اب انہیں فری ہینڈ ہے اور اگر ان پر کوئی حملہ آور ہوتا ہے تو اس کے خلاف ایسی کارروائی کریں کہ اس کو یاد رہے۔  
’میں بہت دنوں سے پولیس کو حوصلہ دے رہا تھا کہ پولیٹیکل پارٹی ہے حوصلہ رکھیں، لیکن اب پولیٹیکل پارٹی کے ساتھ وہاں پر ایسے لوگ موجود ہیں جو دہشت گردی میں ملوث رہے ہیں۔‘
محسن نقوی نے کہا کہ پرامن سیاسی سرگرمیوں پر کوئی پابندی نہیں ہے۔’اگر کوئی تشدد کرے گا تو اس کو بھرپور جواب دیا جائے گا۔‘

شیئر: