Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انتخابات میں تاخیر،سرکاری محکموں نے آئین کی خلاف ورزی کی: صدر کا خط

صدر نے خط میں کہا کہ ’آئین کے تحت صوبائی اسمبلیوں کی تحلیل پر 90 دن کے اندر انتخابات کرانا ضروری ہیں‘ (فائل فوٹو: سکرین گریب)
پاکستان کے صدر ڈاکٹر عارف علوی نے وزیراعظم شہباز شریف کو خط میں لکھا ہے کہ ’وزیراعظم متعلقہ حکام کو بروقت انتخابات کرانے میں الیکشن کمیشن کی معاونت کی ہدایت کریں۔‘
جمعے کو ایوان صدر کی جانب سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق خط میں صدر نے کہا کہ ’توہین عدالت سمیت مزید پیچیدگیوں سے بچنے کے لیے وزیراعظم وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے متعلقہ حکام کو پنجاب اور خیبرپختونخوا میں مقررہ وقت میں  عام انتخابات کرانے کے لیے الیکشن کمیشن کی معاونت کی ہدایت کریں۔‘
صدر نے مزید کہا کہ ’آرٹیکل 105 یا 112 کے تحت صوبائی اسمبلیوں کی تحلیل پر آرٹیکل 224 (2) کے تحت 90 دن کے اندر انتخابات کرانا ضروری ہیں۔‘
خط میں اندیشے کا اظہار کرتے ہوئے صدر عارف علوی نے کہا کہ ’لگتا ہے کہ پنجاب اور خیبر پختونخوا میں وفاقی اور نگراں حکومتوں نے متعلقہ محکموں کے سربراہان کو عام انتخابات کے انعقاد کے لیے ضروری تعاون فراہم کرنے سے معذوری ظاہر کرنے کا کہا۔‘
’آئین کے تحت وفاقی اور صوبائی ایگزیکٹیو اتھارٹیز کا فرض ہے کہ وہ کمشنر اور الیکشن کمیشن کی ان کے فرائض کی انجام دہی میں مدد کریں۔ میری رائے میں ایگزیکٹیو اتھارٹیز اور سرکاری محکموں نے آئین کی کھلم کھلا خلاف ورزی کی ہے۔‘
’الیکشن کمیشن نے 30 اپریل کو پنجاب میں عام انتخابات کے انعقاد کے اپنے اعلان پر عمل نہ کر کے سپریم کورٹ کے حکم کی کھلی خلاف ورزی کی۔‘
واضح رہے کہ بدھ کو الیکشن کمیشن نے اعلان کیا تھا کہ ’پنجاب میں الیکشن 30 اپریل کے بجائے آٹھ اکتوبر کو ہوں گے۔‘
بعدازاں جمعرات کو تحریک انصاف کے رہنماؤں نے الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف عدالت جانے کا اعلان کیا تھا۔
صدر مملکت نے اپنے خط میں مزید لکھا کہ ’تشویش ناک بات ہے کہ وزیراعظم کی جانب سے آرٹیکل 46 اور رولز آف بزنس کے تحت صدر کے ساتھ کوئی بامعنی مشاورت نہیں کی گئی۔‘
ایوان صدر سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق ’صدر نے خط میں وزیراعظم کی توجہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی جانب بھی مبذول کرائی اور بتایا کہ سیاست دانوں، کارکنوں، صحافیوں اور میڈیا کے خلاف متعدد مقدمات درج کیے گئے۔‘
’سیاسی کارکنوں کے گھروں پر چھاپے مارے گئے، شہریوں کو بغیر وارنٹ اور قانونی جواز کے اغوا کر لیا گیا۔‘

شیئر: