Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شاہین آفریدی کے ایک اوور میں چار چھکے

شاہین شاہ آفریدی نے لیگ میں پانچ میچز کھیل کر صرف پانچ وکٹیں حاصل کی ہیں (فائل فوٹو: پی سی بی)
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سٹار فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے انگلینڈ کی ڈومیسٹک ٹی20 لیگ ’ویٹیلیٹی بلاسٹ‘ (ٹی20 بلاسٹ) میں جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا ہے۔
شاہین آفریدی نے ناٹنگھم شائر کی نمائندگی کرتے ہوئے 11 گیندوں پر 29 رنز بنائے جس میں چار چھکے بھی شامل ہیں۔
انہوں نے مخالف ٹیم وورسیسٹر شائر کے کیوی سپنر مائیکل بریسول کو ایک اوور میں چار چھکے رسید کیے۔
تاہم ان کی یہ جارحانہ اننگز ناٹنگھم شائر کے کام نہ آسکی اور وورسیسٹر شائر یہ میچ 56 رنز سے جیت گئی۔
جاری ٹی20 بلاسٹ میں شاہین شاہ آفریدی بیٹنگ سے تو شائقین کو محظوظ کر رہے ہیں تاہم لیگ میں ان کی بولنگ کی کارکردگی مایوس کن رہی ہے۔
انہوں نے لیگ میں ابھی تک پانچ میچز کھیل کر صرف پانچ وکٹیں حاصل کی ہیں جس میں ان کی بولنگ اوسط 36 ہے۔
شاہین شاہ آفریدی کی ٹی20 بلاسٹ میں دلچسپ بیٹنگ لیکن ناقص بولنگ کے بارے میں سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بھی شائقین کا ردِعمل دیکھنے میں آرہا ہے۔
ٹوئٹر ہینڈل گراس رُوٹ کرکٹ نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ’شاہین شاہ آفریدی نے ابھی مائیکل بریسول کو ایک اوور میں چار چھکے لگائے ہیں۔‘
 اس کے جواب میں وقار آفریدی کہتے ہیں کہ ’ہمیں پہلے یہ بولر کے طور پر چاہیے۔ انہوں نے 4 اوورز میں 45 رنز دیے ہیں۔‘
امتیاز بہار لکھتے ہیں کہ ’امید ہے ان کا کیریئر عرفان پٹھان کی طرح ختم نہیں ہوگا۔‘
سلمان بشیر مغل نے اپنی ٹویٹ میں مزاحیہ انداز میں لکھا کہ ’کوا چلا ہنس کی چال، اپنی بھی بھول گیا۔‘
کیف علی کہتے ہیں کہ ’ہمیں یہ شاہین نہیں چاہیے، 2021 والا پرفیکٹ بولر چاہیے۔‘
چلمیش کا کہنا ہے کہ ’ایسا تب ہوتا ہے جب کرداروں کا اُلٹ کر دیا جائے۔‘
 

شیئر: