کراچی۔ اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ٬ مختلف گروپس کے امتحانی فارمز

ہماری ویب  |  Dec 14, 2015

کراچی۔ اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کے ناظم امتحانات محمد عمران خان چشتی کے مطابق انٹرمیڈیٹ گیارہویں جماعت کے سالانہ امتحانات برائے 2016ء کے تمام گروپس کیلئے امتحانی فارمز بروز پیر 18 جنوری 2016ء تک جمع کروائے جاسکتے ہیں۔ تفصیلات بتاتے ہوئے محمد عمران خان چشتی نے کہا کہ پروگرام کے مطابق سائنس پری میڈیکل، پری انجینئرنگ، سائنس جنرل، کامرس، آرٹس، میڈیکل ٹیکنالوجی اور ہوم اکنامکس گروپس کے سالانہ امتحانات برائے 2016ء میں شرکت کے خواہشمند اور اہل ریگولر امیدوار اپنے امتحانی فارمز بروز پیر 18 جنوری 2016ء تک اپنے متعلقہ کالجوں میں جمع کرواسکتے ہیں جبکہ پرائیویٹ امیدوار اپنے امتحانی فارم ضروری تصدیق کے بعد انہی تاریخوں میں اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ میں واقع بینک برانچ سمیت یو بی ایل کی شہر کے مختلف علاقوں میں واقع آٹھ برانچوں میں جمع کرواسکتے ہیں۔
 


 انہوں نے بتایا کہ کالجوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ تمام ریگولر امیدواروں کے امتحانی فارمز اور فیسوں کے پے آرڈرز بروز جمعرات 21 جنوری 2016ء اور بروز جمعہ 22 جنوری 2016ء کو انٹربورڈ میں جمع کروادیں۔ ناظم امتحانات کا کہنا تھا کہ جو امیدوار مقررہ تاریخ تک اپنے امتحانی فارمز جمع نہیں کرواسکیں وہ 19 جنوری سے یکم فروری تک 200 روپے لیٹ فیس کے ساتھ، 2 فروری سے 10 فروری تک 500 روپے لیٹ فیس کے ساتھ، 11فروری سے 18 فروری 2016ء تک ایک ہزار روپے لیٹ فیس کے ساتھ اپنے امتحانی فارمز جمع کرواسکتے ہیں۔ ناظم امتحانات محمد عمران خان چشتی نے مزید بتایا کہ پرائیویٹ امیدوار اپنے امتحانی فارم بورڈ میں واقع حبیب بینک کی برانچ کے علاوہ یو بی ایل کی جن آٹھ برانچوں میں جمع کرواسکتے ہیں ان میں ملیرسٹی مین نیشنل ہائی وے برانچ، آرسی ڈی ہائی وے اورنگی برانچ ایل ایس بی کمرشل سیکٹر 3، سیکٹر الیون ایچ نارتھ کراچی برانچ، یو بی ایل بلڈنگ نارتھ ناظم آباد برانچ، حسین ڈی سلوا برانچ بلاک اے نارتھ ناظم آباد، یو بی ایل بلڈنگ آئی آئی چندریگر روڈ برانچ، شہید ملت روڈ شاہراہ فیصل جنکشن برانچ اور نیو ٹینری مارکیٹ برانچ سیکٹر سیون اے کورنگی انڈسٹریل ایریا برانچ شامل ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More