وزیراعلیٰ کی زیرصدارت سال نو کے پہلے روز تعطیل کے باوجود 3 گھنٹے طویل اجلاس ، ترک وزارت صحت کے اعلیٰ حکام کی شرکت

ہماری ویب  |  Jan 02, 2017

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے ترک وفد کے اراکین کو سال نو کے آغاز پر مبارکباد دی اور کہا کہ اﷲ تعالیٰ سے دعا ہے کہ نیا سال ہم سب کیلئے خوشیاں اور امن کا پیغام لے کر آئے۔ وزیراعلیٰ نے استنبول میں سال نو کے آغاز پر دہشت گردی کے واقعہ کی مذمت کی اور اس واقعہ میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین اور ترک بہن بھائیوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان کے عوام غم کی گھڑی میں ترکی کے ساتھ کھڑے ہیں۔ دہشت گردی کا ناسور ایک بین الاقوامی مسئلہ ہے جس سے نمٹنے کیلئے ہم سب کو مل کر اقدامات کرنا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ترکی کی وزارت صحت کے تعاون سے پنجاب کے ہیلتھ کئیر سسٹم کو خوب سے خوب تر بنائیں گے۔ دکھی انسانیت کی خدمت ایک عبادت سے کم نہیں اور آج ہم نے دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے جن اقدامات پر اتفاق کیا ہے اس کے ہیلتھ کیئر سسٹم کی بہتری پر دور رس نتائج مرتب ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے ترک ماڈل کی طرز پر ادویات کی خریداری، ترسیل اور تقسیم کے نظام کو فول پروف بنانے کا فیصلہ کیاہے اور اس ضمن میں ادویات کا سٹیٹ آف دی آرٹ سپلائی چین مینجمنٹ سسٹم رائج کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ادویات کی سپلائی چین مینجمنٹ سسٹم کے ذریعے وسائل ضائع ہونے سے بچائے جاسکتے ہیں اور اس نظام سے مریضوں کو نہ صرف معیاری ادویات ملیں گی بلکہ خردبرد کا خاتمہ ہوگا اور غیرضروری ادویات کی خریداری کی روک تھام میں بھی مدد ملے گی۔وزیراعلیٰ نے پنجاب سیف میڈیسن سپلائی اتھارٹی کے قیام کی منظوری دیتے ہوئے کہا کہ یہ اتھارٹی مکمل طو رپر خودمختار اور آزاد ہوگی۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو اتھارٹی کا تنظیمی اور قانونی ڈھانچہ بنانے کیلئے فوری طو رپر اقدامات کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ نئے نظام کے تحت پائلٹ پراجیکٹ پر کم سے کم مدت میں عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ انہو ں نے کہا کہ معیاری ادویات مریضوں کا حق ہے جو ان کو ہر صورت دیں گے۔

نئے نظا م پر عملدرآمد سے عام آدمی اور اشرافیہ کو ایک جیسی ادویات ملیں گی۔ ادویات کو عالمی معیار کے مطابق محفوظ رکھنے کیلئے جدید ویئر ہاؤسز بنائے جائیں گے اور پہلے مرحلے میں لاہور، ملتان اور فیصل آباد میں ویئر ہاؤسز تعمیر کئے جائیں گے۔ انہو ں نے کہا کہ صوبے کے ہیلتھ کئیر سسٹم کو بہتر بنانے کے حوالے سے ترکی کا تعاون لائق تحسین ہے جس کیلئے ہم اپنے ترک بھائیوں کے شکرگزار ہیں۔

ترکی کی وزارت صحت کے ماہر نے ادویات کی سپلائی چین مینجمنٹ سسٹم کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی اور کہا کہ وزیراعلیٰ شہبازشریف کے وژن کے مطابق ادویات کی سپلائی چین مینجمنٹ سسٹم پر کم سے کم مدت میں عملدرآمد یقینی بنانے کے حوالے سے ہرممکن تعاون کریں گے۔ترک وفد میں ڈاکٹر سلامی کیلک (Dr. Selami Kilic)، ڈاکٹر حسن کاگل (Dr. Hasan Cagil) اور دیگر اعلیٰ حکام شامل تھے جبکہ ترک قونصل جنرل سردار ڈینیز (Mr. Serdar Deniz) بھی اس موقع پر موجود تھے۔صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق، مشیر ڈاکٹر عمر سیف، چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری،مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خواجہ احمد حسان، اعلیٰ حکام، طبی ماہرین اور متعلقہ افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔
 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More