پاکستان سپر لیگ کی سب سے مقبول ٹیم کونسی؟

ہماری ویب  |  Jan 11, 2020

پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز ٹیم کا صرف کرکٹ کے میدان میں ہی نہیں بلکہ سوشل میڈیا پر بھی خوب مقابلہ جاری ہے، سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے دیگر حریف ٹیموں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

پی ایس ایل کے پانچویں ایڈیشن کا میلا آئندہ ماہ فروری سے ملک کے 4 شہروں میں لگے گا ، جس کے باعث قومی میگا ایونٹ سے متعلق شائقین میں میچز دیکھنے کا جزبہ دن بہ دن بڑھتا جا رہا ہے۔

ٹویٹر پر جاری زیادہ فالوورز حاصل کرنے کے مقابلے میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز تقریباً 9 لاکھ 44 ہزار فالوورز کے ساتھ دیگر ٹیموں کے مقابلے میں سب سے آگے ہے، جبکہ ان کے قریب ترین مد مقابل پشاور زلمی کے فالوورز کی تعداد تقریباً 9 لاکھ 29 ہزار ہے۔ دو مرتبہ پی ایس ایل کا ٹائٹل اپنے نام کرنے والی اسلام آباد یونائیٹڈ کے فالوورز 7 لاکھ 36 ہزار، کراچی کنگز کے 6 لاکھ 96 ہزار، لاہور قلندرز 6 لاکھ 88 ہزار اور ملتان سلطانز کے فالوورز کی تعداد تقریباً 2 لاکھ 43 ہزار کے قریب ہے۔

دوسری جانب یوٹیوب پر بھی دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز فالوورز کی دوڑ میں سب سے آگے ہے ، ان کے سبسکرائبرز کی کل تعداد 94 ہزار سے زائد ہے، ساتھ ہی پشاور زلمی 86 ہزار سبسکرائبرز کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے ۔ کراچی کنگز سبسکرائبرز کی ریس میں 84 ہزار کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے، اسلام آباد یونائیٹڈ تقریباً 37 ہزار اور ملتان سلطانز کے 22 ہزار سبسکرائبرز جبکہ لاہور قلندرز کے پیج پر تقریباً 800 ویڈیوز اپ لوڈ ہیں، جنہیں ہزاروں صارفین دیکھ چکے ہیں۔

سوشل میڈیا ویب سائٹ فیس بک پر اسلام آباد یونائیٹڈ کے پیج پر سب سے زیادہ فیس بک لائیکس موجود ہیں جن کیلئے 32 لاکھ سے زائد افراد نے اپنی پسندیدگی کا اظہار کیا، دوسرے نمبر پر پشاور زلمی 26 لاکھ اور تیسری پوزیشن پر کراچی کنگز کے 15 لاکھ سے زائد لائیکس ہیں۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور لاہور قلندرز 12، 12 لاکھ اور ملتان سلطانز کے تقریباً 10 لاکھ لائیکس ہیں۔

2016ء میں پاکستان سپر لیگ کے پہلے ایڈیشن کے تمام میچز متحدہ عرب امارات میں کھیلے گئے تھے جس میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے فتح حاصل کی تھی ، جبکہ لاہور میں 2017ء میں دوسرے سیزن کا فائنل جیت کر پشاور زلمی چیمپئن بنا، پی ایس ایل کے تیسرے اور چوتھے سیزن کے چند میچز پاکستان میں کھیلے گئے 2018ء کا ٹائٹل ایک بار پھر اسلام آباد نے جیتا تھا ، کراچی میں 2019ء کا فائنل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے جیت کر اپنے نام کیا ، سرفراز احمد کی ٹیم پہلی بار پی ایس ایل کی چیمپئن بنی۔

واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ 2020ء کے تمام میچز پاکستان کے میدانوں میں کھیلے جائیں گے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More