کیا شوگر کے مریض آم کھا سکتے ہیں؟ ماہرین اس بارے میں کیا رائے دیتے ہیں

ہماری ویب  |  Jun 05, 2020

گرمی کے موسم کا انتظار کم ہی لوگوں کو ہوتا ہے مگر گرمی کے خاص پھل "آم" کا انتطار بچے اور بڑے ہر کسی کو ہوتا ہے کیونکہ اس کا ذائقہ اور مٹھاس ہر زبان کو بھاتی ہے۔ آم کیونکہ قدرتی طور پر بہت زیادہ میٹھا ہوتا ہے اور زیادہ غذائی اجزا سے بھرپور بھی ہوتا ہے۔

آم میں متعدد اقسام کے وٹامنز اور منرلز موجود ہوتے ہیں جو اسے صحت کے لیے فائدہ مند بناتے ہیں اور بلڈ شوگر کو کنٹرول کرنے کے لئے بھی مددگار ثابت ہوتا ہے۔

جانئیے ماہرین کی رائے کہ کیا شوگر کے مریض اس کو کھا سکتے ہیں ؟ کیا آم سے شوگر بڑھتی ہے ؟

ایک آم میں 99 کیلوریز، 1.4 پروٹین، 0.6 چکنائی، 25 گرام نشاستہ، 22.5 گرام مٹھاس، 2.6 گرام فائبر، وٹامن سی کا 67 فیصد حصہ، کاپر کا 20 فیصد، فولیٹ کا 18 فیصد، وٹامن اے اور ای کا 10 فیصد اور پوٹاشیم کا 6 فیصد حصہ جبکہ میگنیشم، کیلشیئم، فاسفورس، آئرن اور زنک کی بھی کچھ مقدار پائی جاتی ہے۔ اسی وجہ سے اس کو پھلوں کا بادشاہ کہا جاتا ہے۔

آم میں 90 فیصد سے زیادہ کیلوریز قدرتی مٹھاس کا نتیجہ ہوتی ہے اور یہی وجہ ہے کہ اس سے ذیابیطس کے مریضوں میں بلڈ شوگر کی سطح بڑھ سکتی ہے۔ مگر ساتھ ہی اس میں فائبر اور متعدد اقسام کے اینٹی آکسائیڈنٹس بھی موجود ہیں جو بلڈشوگر کے مجموعی اثرات کو کم کرنے میں اپنا اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

فائبر خون میں مٹھاس کو جذب کرنے کی شرح کم کردیتا ہے، جبکہ اس میں موجود اینٹی آکسیڈنٹس بلڈ شوگر کی سطح میں اضافے سے ہونے والے تناؤ کو کم کرنے میں مدد دیتے ہیں۔

اس سے جسم کے لیے نشاستہ کی زیادہ مقدار کو قابو میں کرنے اور بلڈ شوگر لیول کو متوازن رکھنا آسان ہوجاتا ہے۔

آم کا گلیسمک انڈیکس 51 ہوتا ہے، جو تیکنیکی طور پر اسے کم جی آئی غذا بناتا ہے یعنی جی آئی غذا سے مراد وہ غذا جن کا محدود مقدار میں استعمال کرنا شوگر کے مریضوں کے لئے نقصان دہ نہیں۔

آم کو شوگر کے مریضوں کے لیے بہتر کیسے بنایا جائے؟

ماہرین کے مطابق آم کا ایک سلائیس یا کٹے ہوئے آم کا آدھا چھوٹا کپ کھایا جاسکتا ہے، مگر مینگو شیک، جوس وغیرہ سے گریز کرنا چاہئے۔

اور اگر آپ شوگر کے مریض ہیں اور آم کھانا چاہتے ہیں تو اس کے لیے مختلف طریقوں کو استعمال کرکے بلڈشوگر کی سطح کو بڑھنے سے روک سکتے ہیں۔

* ایک وقت میں بہت زیادہ آم کھانے سے گریز کیا جائے۔

٭ چاولوں میں کاربوہائیڈریٹس کی شرح زیادہ ہوتی ہے تو آم کھاتے ہوئے چاول کھانے سے گریز کریں ۔

٭ دوپہر اور رات کے کھانے کے درمیان آم کو کھائیں۔

٭ شروعات میں صرف آدھا کپ یا 82 گرام آم کھائیں۔

٭ آم میں فائبر تو ہوتا ہے مگر پروٹین کی مقدار کچھ خاص نہیں ہوتی اس لئے آم کے ساتھ کوئی پروٹین والی غٖذا مثلاً ایک ابلا ہوا انڈا، پنیر کا ایک ٹکڑا یا مٹھی بھر گریاں کھانا بلڈ شوگر کی سطح کو بڑھنے سے روک سکتا ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More