لاہور ہائی کورٹ نے ٹوئنٹی فور نیوز کا معطل لائسنس بحال کر دیا

وائس آف امریکہ اردو  |  Jul 07, 2020

ویب ڈیسک — 

لاہور ہائی کورٹ نے پاکستان میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) کی جانب نجی نشریاتی ادارے 'ٹوئنٹی فور نیوز' کے معطل کیے گئے لائسنس کو بحال کر دیا ہے جب کہ ٹی وی چینل کو نشریات جاری رکھنے کی اجازت دے دی ہے۔

'چینل ٹوئنٹی فور' کے مطابق 'سٹی نیوز نیٹ ورک' کی درخواست کی سماعت لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس سجاد محمود سیٹھی نے کی۔

خیال رہے کہ 'سٹی نیوز نیٹ ورک' کے تحت چینل ٹوئنٹی فور، چینل فورٹی ون، چینل فورٹی ٹو، چینل فورٹی فور اور روہی ٹی وی چل رہے ہیں۔

سٹی نیوز نیٹ ورک کی درخواست پر عدالت نے پیمرا کا ٹوئنٹی فور نیوز کو معطل کرنے کا حکم نامہ مسترد کر دیا ہے۔

اس حوالے سے سینئر صحافی حامد میر نے بھی ٹوئٹ کیا کہ لاہور ہائی کورٹ نے ٹوئنٹی فور نیوز کو بند کرنے کا حکم نامہ معطل کر دیا ہے۔

انہوں نے اس حوالے سے صحافیوں کو بھی مبارک باد دی۔

تین جولائی کو پیمرا کی جانب سے جاری ایڈوائزی میں کہا گیا تھا کہ چینل 24 نیوز غیر قانونی طور پر خبروں اور حالات حاضرہ کے پروگرام نشر کر رہا ہے جب کہ چینل کے پاس لائسنس تفریحی پروگراموں کی نشریات کا ہے۔

لائسنس معطل ہونے کے بعد نجی ٹی وی کی انتظامیہ نے چینل 24 نیوز کو بند اور 965 ملازمین کو ملازمت سے فارغ کرنے کے لیے نوٹسز بھی جاری کر دیے تھے۔

پیمرا کا کہنا تھا کہ چینل 24 کو کئی بار نوٹسز بھیجے گئے، لیکن پراپرٹی کی خرید و فروخت کے لیے قائم چینل کی کیٹیگری تبدیل نہ کروانے پر چینل معطل کیا گیا ہے۔

اتھارٹی کے آرڈر کے مطابق میڈیا نیٹ ورک نے ویلیو ٹی وی کے نام سے خریدے گئے لائسنس کو غیر قانونی طور پر نام تبدیل کر کے 24 نیوز بنایا۔ چینل کی انتظامیہ نے جاری کیے گئے اظہار وجوہ کے نوٹس کا جواب بھی نہیں دیا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More