خالد محمود نے بی ایل ایم مہم کے ساتھ کشمیریوں اور فلسطینیوں کی آواز اٹھانے کا مطالبہ کر دیا

نوائے وقت  |  Jul 31, 2020

لاہور( سپورٹس رپورٹر ) سابق چئیرمین پاکستان کرکٹ بورڈ خالد محمود نے بی ایل ایم مہم کے ساتھ کشمیریوں اور فلسطینیوں کی آواز اٹھانے کا مطالبہ کر دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کو بھی بلیک لائیوز میٹر مہم کے علاوہ انسانی ہمدردی کے دوسرے معاملات کا حصہ بننا چاہیے۔ اگر بلیک لائیوز میٹر کی بات کی جا سکتی ہے تو کشمیر اور فلسطین کی بات کیوں نہیں کی جا سکتی؟۔ خالد محمود کا کہنا تھا کہ ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ سیریز میں بلیک لائیوز میٹر کے سلوگن کو شامل کیا گیا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کو کشمیر اور فلسطین کے معاملے پر اظہار یکجہتی کا مطالبہ کرنا چاہیے۔ اس معاملے کو ابھی تک نہیں اٹھایا گیا جو کوئی غیرت مند قوم اور کرکٹ بورڈ کرتا۔ انڈین کرکٹ بورڈ اپنی غرض کا دیوانہ ہے۔ ورلڈ کپ ملتوی ہونے کا ذمہ دار بھی انڈیا کو قرار دیا جا رہا ہے۔ بدقسمتی کی بات ہے کہ ایک بڑا اہم ایونٹ ورلڈ کپ ملتوی کر کے آئی پی ایل کرایا جا رہا ہے۔ آئی سی سی کی بھی کوتاہی ہے کہ بی سی سی آئی کو موقع دیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ دورہ انگلینڈ میں پاکستانی ٹیم کے ساتھ بہت سے سمجھوتے کیے گئے ہیں۔ اگر انگلینڈ کرکٹ بورڈ کچھ مانگ رہا تھا تو پی سی بی کو بھی کچھ شرائط رکھنی چاہیے تھیں۔ ابھی تک انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے دورہ پاکستان کے لیے حامی نہیں بھری۔ انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے جس طرح چاہا، پاکستان ٹیم کھیلنے کے لیے چلی گئی۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More