دستاویزات اور نصاب میں آپﷺ کےنام کیساتھ خاتم النبیین لکھنالازمی قرار

ہم نیوز  |  Aug 12, 2020

اسلام آباد: قومی اسمبلی میں آپﷺ کےنام کیساتھ خاتم النبیین لکھنےکی قرارداد متفقہ طور پرمنظور کر لی گئی ہے جس کے بعد دستاویزات اورنصاب میں آپﷺ کےنام کیساتھ خاتم النبیین لکھنا لازمی ہو گیا ہے۔

قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکراسد قیصر کی زیرصدارت ہوا اور مذکورہ بالا قرارداد وزیرمملکت برائے پارلیمانی امورعلی محمد خان نے پیش کی۔

قومی اسمبلی نے انسداد دہشتگردی بل 2020 کو بھی کثرت رائے سے منظور کرلیا ہے۔ وزیر قانون فروغ نسیم نےانسداد دہشتگردی بل 2020 قومی اسمبلی میں بل پیش کیا۔ پاکستان تحریک انصاف، پاکستان پیپلزپارٹی، مسلم لیگ ن اور جمیعت علمائے اسلام(ف) نے انسداد دہشت گردی بل کی حمایت کی جب کہ جماعت اسلامی کے رکن عبدالاکبر چترالی نے مخالفت کی۔

بل کی منظوری کے موقع پر قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے فروغ نسیم کا کہنا تھا کہ حکومت اور اپوزیشن پاکستان کے لیے قانون سازی کررہے ہیں۔ اپوزیشن جوجو ترامیم لائی وہ خوش دلی سے قبول کیں۔

وزیر قانون کا کہنا تھا کہ دہشت گردی اور اسلام کا آپس میں کوئی تعلق نہیں۔ اسلام امن کا مذہب ہے۔ بنیادی انسانی حقوق کی فکرحکومت کو بھی ہے۔ بنیادی انسانی حقوق میں درست معیشت بھی آتی ہے۔

فروغ نسیم نے کہا کہ درست معیشت ہوگی تو لوگوں کو معاشی بنیادی حقوق ملیں گے۔ بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی بھی نہیں ہونی چاہیے۔ معیشت بھی کلیئر ہونی چاہیئں۔

قومی اسمبلی نے کمپنیز بل2020 اور منشیات کی روک تھام ترمیمی بل 2020کی بھی کثرت رائے سے منظوری دی۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More