فضائی سفر کے دوران کورونا وائرس کیوں پھیلتا ہے؟ تازہ ترین تحقیق میں بتا دیا

ہماری ویب  |  Aug 31, 2020

واشنگٹن: امریکی ادارے سی ڈی سی نے ایک تازہ تحقیق میں بتایا ہے کہ فضائی سفر کے دوران کورونا وائرس کیسے پھیلتا ہے۔

ویسے تو کورونا وائرس کسی بھی مقام پر پھیل سکتا ہے یا پھیلایا جا سکتا ہے لیکن اس تحقیق میں یہ بتا گیا ہے کہ جہاز میں دورانِ سفر کورونا وائرس کے پھیلنے کا خطرہ کیوں بڑھ جاتا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکا کے سینٹرز فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریونٹیشن (سی ڈی سی) کی جانب سے شائع تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ کورونا کے بغیر علامات والے مریض فضائی سفر کے دوران دیگر افراد میں کووِڈ 19 وائرس منتقل کر سکتے ہیں۔

فضائی سفر کے دوران کورونا وائرس کے پھیلنے کے امکان کے حوالے سے کی گئی یہ تحقیق سی ڈی سی کے جریدے جرنل ایمرجنگ انفیکشز ڈیزیز میں شائع ہوئی، اس کے لئے جنوبی کوریا کے طبی ماہرین نے مارچ کے آخر میں لوگوں کو اٹلی کے شہر میلان سے جنوبی کوریا کے شہر سیئول لانے والی پرواز میں موجود مسافروں کی جانچ پڑتال کی۔

تحقیق کے دوران پرواز سے قبل 310 مسافروں کا معائنہ کیا گیا، معلوم ہوا کہ ان میں 11 ایسے مسافر تھے جنہیں کورونا انفیکشن کی علامات ظاہر ہوئی تھیں، ان کو طیارے پر سوار ہونے کی اجازت نہیں دی گئی۔

طیارے پر سوار ہونے والے ہر مسافر کو ایک این 95 فیس ماسک فراہم کئے گئے جبکہ فضائی عملے نے سختی سے کووِڈ 19 سے بچنے کے لئے احتیاطی تدابیر پر عمل کیا، جس کی نگرانی کوریا سینٹرز فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریونٹیشن نے کی۔

طیارہ سیئول پہنچا تو تمام 299 مسافروں کو 2 ہفتوں کے لیے قرنطینہ میں رکھا گیا اور متعدد بار کورونا وائرس ٹیسٹ کئے گئے، قرنطینہ ہونے سے قبل 6 مسافر ایسے تھے جن میں کورونا کی تشخیص ہوئی، جن میں ایک خاتون ایسی بھی تھیں جن کا باقاعدہ پہلے ٹیسٹ منفی آیا تھا۔

اس خاتون کے بارے میں معلوم ہوا کہ یہ طیارے میں بغیر علامات والے مریضوں سے تین سیٹ آگے براجمان تھیں اور دورانِ سفر فیس ماسک پہنی رہی تھیں، تاہم کھانے اور ٹوائلٹ جاتے ہوئے ان خاتون نے ماسک اتار دیا تھا، جب کہ بغیر علامات والے مریضوں نے بھی اسی ٹوائلٹ کا استعمال کیا تھا۔

اس تحقیق میں اس بات کی زیادہ وضاحت نہیں کی گئی ہے کہ خاتون کو وائرس کیسے منتقل ہوا کیوں کہ طیارے میں ذرات کے لئے فلٹرز لگے ہوئے تھے اور ہوا سے وائرس کی منتقلی مشکل تھی، ماہرین کا کہنا تھا کہ ممکنہ طور پر وائرس کی منتقلی کسی آلودہ سطح کو چھونے یا بورڈنگ کے دوران ہوئی۔

ماہرین نے کہا کہ تمام مسافروں نے این 95 ماسک پہن رکھا تھا جس سے انہیں تحفظ ملا، اور طیارے میں صرف ایک مسافر ہی متاثر ہوا۔

تحقیق کے تناظر میں ماہرین نے 3 اہم تجاویز بھی دیں، فیس ماسک کا استعمال پرواز میں ہر وقت کیا جائے، آلودہ سطح سے لاحق ہونے والے خطرے سے بچاؤ کے لئے ہاتھوں کی صفائی کو یقینی بنایا جائے، اور بورڈنگ سے پہلے اور بعد میں بھی سماجی فاصلے کو یقینی بنایا جائے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More