کورونا وائرس ابھی ختم نہیں ہوا، ایک اور خطرناک علامت سامنے آگئی

ہماری ویب  |  Sep 05, 2020

ریاض: سعودی ماہرین کا کہنا ہے کہ کورونا انفیکشن نظامِ ہاضمہ پر بھی حملہ آور ہو رہا ہے جس کے لئے مزید حفاظتی تدابیر اپنانے کی ضرورت ہے۔

سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی نیشنل ریسرچ سینٹر کے سابق سربراہ ڈاکٹر ہانی الناظر نے خبردار کیا ہے کہ کووڈ 19 وائرس اِن دنوں نظام ہضم پر حملہ آور ہو رہا ہے۔ ڈاکٹر الناظر نے شہریوں کو اس حوالے سے وائرس کے منفی اثرات سے بچنے کے لئے متعدد مشورے دئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایک پلیٹ میں کھانے سے پرہیز کریں، عام طور پر عرب ممالک میں ایک ہی پلیٹ میں تناول کیا جاتا ہے۔ موجودہ حالات میں عرب اپنی یہ عادت ترک کر دیں۔

انہوں نے کہا کہ ماسک کی پابندی ہر حال میں کریں کیونکہ یہ وائرس سے محفوظ رہنے کا پہلا دفاعی طریقہ کار ہے۔

علاوہ ازیں شیشہ پینے سے پرہیز کریں، دکانوں میں بیٹھ کر شیشے کا استعمال بند کر دیں۔ لباس کا تبادلہ نہ کریں۔

ڈاکٹر الناظر نے تجویز دی کہ تمام افراد وائرس سے بچاؤ کے لئے مقرر تدابیر کی پابندی کریں، ایسے کسی بھی شخص سے بات نہ کریں جو ماسک پہنے بغیر اونچی آواز میں بات کررہا ہو۔

انہوں نے کہا کہ سڑکوں پر فروخت کیے جانے والے مشروبات یا فاسٹ فوڈ بالکل نہ کھائیں۔ مصافحہ اور بغل گیر ہونے سے پرہیز کریں۔

ڈاکٹر ناظر کی جانب سے توقع ظاہر کیا گئی کہ چند ماہ بعد کورونا وبا کا زور ٹوٹ جائے گا اور آئندہ موسم سرما میں اس کی شدت میں کمی آجائے گی۔

واضح رہے کہ اس وقت دنیا بھر میں 2 کروڑ 64 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہیں اور 8 لاکھ 70 ہزار سے زائد افراد ہلاک اور ایک کروڑ 75 لاکھ سے زائد مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔

پاکستان میں متاثرہ افراد کی تعداد 2 لاکھ 97 ہزار 596 ہوگئی اور 6335 افراد انتقال کرچکے ہیں جبکہ 2 لاکھ 82 ہزار 268 مریض صحتیاب بھی ہوئے ہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More