ہمیں دشمنوں کے خلاف دفاع کو مزید مستحکم بنانا ہوگا، صدر مملکت

بول نیوز  |  Feb 25, 2021

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ ہمیں خودساختہ دشمنوں کے خلاف دفاع کو مزید مستحکم بنانا ہوگا۔

 تفصیلات کے مطابق میراج جہازوں کی پاک فضائیہ میں 50 سالہ شمولیت، نمبر 22 آپریشنل کنورژن یونٹ اور نمبر 27 سکواڈرن کی بےمثال خدمات کے اعتراف میں پاک فضائیہ کے ایک آپریشنل بیس پر کلر ایوارڈ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

اس موقع پر اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے مہمانِ خصوصی صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پاک فضائیہ کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے سلسلے میں ائیر مارشل نور خان اور ائیر مارشل اصغر خان کی کاوشوں کو سراہا۔

ڈاکٹر عارف علوی نے پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان کی بہترین خطوط پر پاک فضائیہ کی رہنمائی کرنے پر تعریف بھی کی۔

صدر مملکت نے کہا کہ ایک اچھی فضائیہ کے لیے بہترین پیشہ ور اور ایماندار لیڈر شپ کی ضرورت ہوتی ہے اور اس سلسلے میں قائد کے لیڈر شپ کے وژن پر عملدرآمد نہایت ضروری ہے۔

ڈاکٹر عارف علوی نے یہ بھی کہا کہ پاک فضائیہ کو سراہتے ہوئے صدرمملکت نے کہا کہ 27 فروری 2019 میں آپ کے کارنامے پر میرا سر فخر سے بلند ہوگیا، یہ انتہائی قابل تعریف کارنامہ ہے۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے مزید کہا کہ آپ قسمت کے دھنی ہیں جنہوں نے دشمن کے جدید جہازوں کا مقابلہ انتہائی جوانمردی اور بےمثال طریقے سے کیا، ہمیں خودساختہ دشمنوں کے خلاف دفاع کو مزید مستحکم بنانا ہوگا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان نے کہا کہ میں اپنے پیش رووں کے ویژن کا معترف ہوں جنہوں نے اس جہاز کو جدید جنگی تقاضوں سے ہم آہنگ رکھنے کے لیے اس کی اپ گریڈیشن کو یقینی بنایا۔

ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان نے یہ بھی کہا کہ 1971 کی جنگ ہو، دو عشروں پر محیط دہشت گردی کے خلاف جنگ یا پھر حالیہ آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ اس تمام عرصے میں میراج جہاز نے اپنی صلاحیتوں کا بھرپور لوہا منوایا ہے۔

سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان نے مزید کہا کہ میراج آپریٹرز کو میں مبارکباد  پیش کرتا ہوں جنہوں نے اس جہاز کی صلاحیتوں کا بھرپور استعمال کرتے ہوئے پاک فضائیہ کے عسکری تقاضوں کے عین مطابق فضا سے فضا، فضا سے سمندر اور فضا سے زمین پر مختلف آپریشنز نہایت کامیابی سے سرانجام دئیے۔

تقریب میں صدر مملکت اسلامی جمہوریہ پاکستان جناب عارف علوی اس موقع پر مہمانِ خصوصی تھے جبکہ سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان نے بھی تقریب میں خصوصی طور پر شرکت کی۔

-->
مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More