بھارت میں پھنسے آسٹریلوی کھلاڑیوں کیلئے بری خبر

ہماری ویب  |  May 06, 2021

خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق اس صورتحال میں آسٹریلین کرکٹرز مالدیپ یا سری لنکا کا رخ کریں گے اور کچھ دن وہاں گزارنے کے بعد اپنے ملک جائیں گے۔

کرکٹ آسٹریلیا (سی اے) کے سربراہ نِک ہاکلی نے بتایا کہ بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ اِن انڈیا (بی سی سی آئی) انڈین پریمیئر لیگ میں حصہ لینے والے آسٹریلیا کے تمام کھلاڑیوں کو مالدیپ یا سری لنکا جانے میں مدد کرے گا۔

منگل کے روز آئی پی ایل کو غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کردیا گیا تھا کیونکہ ہندوستان کا کووڈ-19 بحران بڑھتا جارہا تھا لیکن اس فیصلے کے بعد آسٹریلیا سمیت دیگر ملکوں کے غیرملکی کھلاڑی پریشانی کا شکار ہو گئے ہیں کہ اب وہ بھارت سے کس ملک کا رخ کریں۔

آسٹریلیا نے ہندوستان سے آنے والے ایسے تمام مسافروں پر پابندی عائد کردی ہے جو پچھلے 14 دن سے ملک میں موجود ہیں لیکن کرکٹ آسٹریلیا کے قائم مقام چیف ایگزیکٹو ہاکلی نے کہا کہ کھلاڑی وطن واپسی کی منظوری ملنے تک ہندوستان سے باہر کسی اور ملک میں قیام کریں گے۔

نکِ ہاکلی نے سڈنی میں نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بی سی سی آئی ہم سے ناقابل یقین حد تک تعاون کر رہا ہے اور آسٹریلیا کے تمام کھلاڑیوں کو ہندوستان سے باہر منتقل کرنے کے لیے کوشاں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ فی الحال کھلاڑیوں کو مالدیپ اور سری لنکا تک محدود رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، بی سی سی آئی اس وقت معاملات کو حتمی شکل دینے کی کوشش کررہا ہے اور ہم امید کرتے ہیں کہ اگلے دو سے تین دن میں کھلاڑی منتقل ہو جائیں گے۔

ہاکلی نے مزید کہا کہ بھارتی بورڈ آسٹریلوی کرکٹرز کو وطن واپس پہنچانے کے لیے چارٹرڈ طیارے کا بندوبست کرنے کے لیے بھی پرعزم ہے۔

آسٹریلیا نے ہندوستان سے آنے والے مسافروں پر 15 مئی تک پابندی عائد کردی ہے۔ آسٹریلین کرکٹرز ایسوسی ایشن (اے سی اے) نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ آئی پی ایل ایک ٹیم کی کوچنگ کرنے والے سابق آسٹریلوی بلے باز مائک ہسی کا کووڈ۔19 کا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔

آسٹریلین کرکٹ ایسوسی ایشن کے سربراہ ٹڈ گرین برگ نے کہا کہ جہاں تک مجھے علم ہے، ہسی واحد آسٹریلین کھلاڑی ہیں جو آئی پی ایل میں وائرس کا شکار ہوئے ہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More