شہبازشریف آف لوڈ،بیرون ملک نہ جاسکے

سماء نیوز  |  May 08, 2021

فائل فوٹو

پاکستان مسلم لیگ نون کے صدر شہبازشریف لاہور سے لندن نہ جاسکے۔امیگریشن حکام نےعلامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پرانھیں روک ليا اورآف لوڈ کرکے واپس بھيج ديا۔

قومی اسمبلی ميں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نےلاہور ہائيکورٹ سے اجازت ملنے کے بعدآج صبح 4 بج کر50 منٹ پرغيرملکی ایئرلائن کی پرواز سے قطرروانہ ہونا تھا جہاں انہوں نے10 روز قيام کے بعد علاج کے لیے لندن جانا تھا۔

شہباز شریف پرواز کی روانگی سے کچھ دير پہلےائیر پورٹ پہنچے توايئرلائن نے شہبازشریف کوبورڈنگ پاس بھی جاری کردیا ليکن ایف آئی اے امیگریشن حکام نے انھیں طيارے تک جانے سے روک دیا۔

مزید پڑھیں:ایف آئی اے حکام نےشہباز شریف کو بتایا کہ ان کے سسٹم میں ابھی تک بلیک لسٹ ہیں،اس لیےانہيں سفر کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔

شہباز شریف کےساتھ عطا اللہ تارڑ،مریم اورنگزیب اورعظمیِ بخاری بھی موجود تھیں۔ایف آئی اے حکام نے شہباز شریف کو آف لوڈ فارم حوالے کيا جس پر آف لوڈ کرنے کی وجہ بھی تحریر کی گئی۔

شہباز شریف ایئرپورٹ سے واپس اپنی رہائش گاہ ماڈل ٹاؤن پہنچ گئے۔اپوزيشن ليڈر نے پاکستان سے قطر اور پھر لندن جانا تھا۔ قطرمیں 10 دن قيام کے بعد ان کا پروگرام لندن جانے کا تھا جہاں سے 3 جولائی کو ان کی پاکستان واپسی متوقع تھی۔

جمعہ کو وفاقی وزیر فواد چوہدری نے شہباز شریف کو باہر جانے کی اجازت دینے کے عدالتی فیصلے پر کڑی تنقید کی تھی۔ان کا کہنا تھا کہ یہ قانون کے ساتھ مذاق ہے، فیصلے کیخلاف تمام قانونی راستے اختیار کریں گے۔ پی ٹی آئی رہنماء بابراعوان نے کہا تھا کہ پاکستان شریف برادران کیلئے اقتدار کی چراگاہ ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More