سیاحتی مقامات بند، ہوٹلوں کی بکنگ منسوخ، این سی اوسی

سماء نیوز  |  May 09, 2021

فوٹو: اے ایف پی

کرونا وائرس کے کیسز میں اضافے کے باعث نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے سربراہ اسد عمر نے کہا ہے کہ ملک بھر ميں سياحتی مقامات اور پارکس کو بند کرديا گیا ہے۔

وفاقی وزیر و سربراہ این سی اوسی اسد عمر  کی سربراہی میں اجلاس ہوا جس میں چیف سیکریٹریز کو ہدایات جاری کی گئی۔

سربراہ این سی او سی اسد عمر نے کہا کہ ملک بھر ميں سياحتی مقامات اور پارکس کو بند کرديا گیا ہے، عوام 8 سے 16 مئی تک عید کی چھٹیاں منانے سیاحتی مقامات کا رخ نہ کریں۔

انہوں نے کہا کہ سیاحتی مقام پر جانے والے سیاحوں کو واپس بھیج دیا جائے گا جبکہ تمام ہوٹلوں کی بکنگ منسوخ کردی گئی ہے۔

اسد عمر کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں 16 مئی تک کارروبار، دکانیں اور بازار مکمل بند رہیں گے۔

وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ ملکی و غير ملکی سياحوں کے جانے پر بھی مکمل پابندی ہوگی جبکہ بین الصوبائی اور اندرون شہر پبلک ٹرانسپورٹ پر پابندی برقرار رہے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ میڈیکل اسٹورز، اشیائےضروریہ کی دکانیں اور ویکسینیشن سینٹر کھلے رکھنے کی اجازت ہوگی۔

عید پر سیاحتی مقامات، ہوٹلز کی بندش کے احکامات جاری

دوسری جانب اين سی او سی نے تمام صوبوں کو ایس او پیز پر مکمل عمل درآمد کرانے کی سختی سے ہدایت کی ہے۔

واضح رہے کہ تین روز قبل 6مئی کو این سی او سی نے عید الفطر پر کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے سیاحتی مقامات اور ہوٹلز کی بندش کے احکامات جاری کیے تھے۔

این سی او سی نے صوبائی حکومتوں کو ہدایات نامہ جاری جبکہ این ایچ اے اور ایف ڈبلیو او کو بھی خصوصی ہدایت دی گئی ہیں۔

شمالی علاقہ جات میں تمام داخلی راستوں پر سیکیورٹی اداروں کی تعداد بڑھا دی جائے گی جبکہ متعلقہ ٹول پلازوں پر عوام کی آگاہی کے لیے خصوصی بینرز آویزاں کیے جائیں گے۔

کرونا کے پيش نظر تعلیمی اداروں کی بندش میں 23 مئی تک توسیع کردی۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر 18 مئی کو صورتحال کا جائزہ لے گا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More