کھلاڑی محنت اور دیانتداری سے دنیا میں پاکستان کا نام روشن کریں، صدر مملکت

بول نیوز  |  Sep 26, 2021

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ کھلاڑی محنت اور دیانتداری سے دنیا میں پاکستان کا نام روشن کریں۔

تفصیلات کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے چودہویں چیف آف نیول اسٹاف ایمیچیورز گالف چیمپئن شپ 2021 کی اختتامی تقریب سے خطاب کیا اور قومی کھیلوں کی ٹیموں پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کھلاڑیوں پر زور دیا ہے کہ وہ محنت اور دیانتداری سے دنیا میں پاکستان کا نام روشن کریں، ان کا کہنا تھا کہ کھیلوں کے میدان میں پاکستان کو طویل عرصے سے تعصب کا سامنا ہے، پاکستان کرکٹ ٹیم نے کورونا وباء کے باوجود انگلینڈ کا دورہ کیا تاہم غیر ملکی ٹیموں نے پاکستان کا دورہ منسوخ کر دیا۔

صدر مملکت نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے قومی ٹیم کے کھلاڑیوں سے درست کہا ہے کہ وہ میدان میں اپنی کارکردگی دکھائیں جو کہ اہم ہے، پاکستانی قوم میں صلاحیتیں اور ٹیلنٹ موجود ہے، قومی ٹیمیں اپنی کارکردگی، وقار اور عزتِ نفس برقرار رکھتے ہوئے ملک کے لئے مزید کامیابیاں سمیٹیں۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے چیمپئن شپ میں جیتنے والوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے نظم و ضبط اور محنت سے یہ کامیابی حاصل کی، یہ کھیل دیانتداری سکھاتا ہے، ہمیں کھیل سمیت تمام شعبوں میں دیانتداری کا مظاہرہ کرنا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ گالف کے میدان سرسبز اور شاداب ہوتے ہیں، انسان کی فطرت ہے کہ وہ سرسبز نظاروں کا متلاشی رہتا ہے، مارگلہ گرین گالف کلب پاکستان کا خوبصورت ترین گالف کلب ہے اس کلب کے تحت شجرکاری بھی کی جاتی ہے، اس تناظر میں یہ ماحولیات کی بہتری میں اہم کردار ادا کررہا ہے۔

ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ کھیلوں سے جسم چاق و چوبند ہوتا ہے، گالف مہنگا کھیل ہے لیکن یہ ملک میں مقبولیت حاصل کررہا ہے۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ایمیچیور، سینئر ایمیچیور اور خواتین کیٹگریز میں جیتنے والوں میں انعامات اور ٹرافیاں تقسیم کیں، کوئٹہ گالف کلب کے میجر سلیم کو ونرٹرافی دی گئی۔

واضح رہے کہ اس موقع پر پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی اور دیگراعلیٰ سول و فوجی شخصیات بھی موجود تھیں، چار روزہ چیف آف نیول اسٹاف ایمیچیور گالف کپ ہر سال منعقد کیا جاتا ہے۔

Adsence 300X250
مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More