بھارتی ریاست کیرالہ میں نوجوان مسلم اداکارہ کی لاش ان ہی کے گھر کی کھڑکی سے لٹکی ہوئی برآمد ہوئی ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست کیرالہ کے شہر کوزیکوڈ کے علاقے پرمبل بازار میں واقع ایک گھر سے ایک نوجوان خاتون کی لاش برآمد ہوئی۔لاش کی شناخت 20 سالہ شاہانہ کے نام سے ہوئی ہے جو ریاست کے شوبز حلقوں میں ایک ابھرتی ہوئی اداکارہ کے طور پر جانی جاتی تھیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ شاہانہ نے ایک سال پہلے سجاد نامی شخص سے شادی کی تھی، شادی کے بعد دونوں اسی گھر میں رہتے تھے جہاں سے شاہانہ کی لاش برآمد ہوئی ہے۔شاہانہ کے والدین اور رشتے داروں نے الزام لگایا کہ شاہانہ کی موت قتل ہے اور اس میں اس کے شوہر کا ہاتھ ہے۔رشتے داروں کا کہنا تھا کہ سجاد اور شاہانہ کے درمیان ناچاقی تھی، اکثر اوقات سجاد شاہانہ کو تشدد کا نشانہ بھی بناتا تھا۔کیس کے تفتیشی افسر نے تصدیق کی ہے کہ شاہانہ کے رشتے داروں کی جانب سے شکوک کا اظہار کئے جانے کے بعد اس کے شوہر کو حراست میں لیا گیا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ ہمیں اس بات کی اطلاعات ملی ہیں کہ موت سے قبل شاہانہ کو ماڈلنگ سے ملنے والی رقم پر دونوں کے درمیان جھگڑا ہوا تھا تاہم سجاد کا کہنا ہے کہ شاہانہ نے خودکشی کی ہے۔تفتیشی افسر کا کہنا ہے کہ شاہانہ کی موت کی وجوہات کے بارے میں فی الحال حتمی طور پر کچھ نہیں کہا جاسکتا، جائے وقوعہ سے شواہد اکھٹے کرلئے گئے ہیں۔