پستہ قد، فربہ جسامت، چھوٹی گردن اور دو کوہان۔۔۔ جبل کے اونٹوں کی کراچی میں دھوم، قیمت کتنی؟

ہماری ویب  |  Jul 03, 2022

کراچی کی مویشی منڈی میں جانوروں کے دام زیادہ ہونے کے سبب خریداروں میں نمایاں کمی کے باوجود منڈی میں پستہ قد، فربہ جسامت، چھوٹی گردن اور دو کوہان والے جبل کے اونٹوں کی دھوم مچ گئی، شہری دیکھنے اونٹ دیکھنے کیلئے جوق در جوق منڈی پہنچنے لگے۔

عام اونٹوں کے مقابلے میں پستہ قد، فربہ جسامت اور چھوٹی گردن والے یہ اونٹ بلوچستان سے فروخت کے لیے کراچی لائے گئے ہیں، ان اونٹوں کے جسم کے مختلف حصوں پر بڑے بال ہیں۔

اونٹ پالنے والوں کے مطابق ان اونٹوں کو ترکمانستانی نسل یا جبل کے اونٹ کہا جاتا ہے جو اپنے بڑے بالوں کی وجہ سے سخت سردی بھی برداشت کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

ان اونٹوں کی قیمت 15 سے 20 لاکھ روپے طلب کی جارہی ہے جبکہ ایک اونٹ دس لاکھ اور دوسرا بارہ لاکھ روپے میں فروخت ہوا ہے جب کہ تین اونٹ خریدار کے منتظر ہیں۔

دوسری جانب جانوروں کی قیمتوں کے حوالے سے بیوپاریوں کا کہنا ہے کہ جانور مہنگے نہیں مگر آبائی علاقے سے مویشی منڈی تک پہنچتے پہنچتے ٹرانسپورٹ کے اخراجات کے باعث جانور کی قیمت دگنی ہوجاتی ہے۔ جب جانور اتنا مہنگا ہو تو کچھ خریدار بھی کانوں کو ہاتھ لگاتے ہوئے مایوس واپس چلے جاتے ہیں تو کچھ مجبور ہوکر مہنگے ترین جانور خرید لیتے ہیں۔

واضح رہے کہ مویشی منڈی میں اب تک ساڑھے چار لاکھ مویشی لائے جا چکے ہیں تاہم قیمتوں کی وجہ سے بہت سے شہری اپنا مطلوبہ یا پسندیدہ جانور تلاش کرنے میں ناکام ہوکر خالی ہاتھ لوٹ رہے ہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More