رونالڈو، میسی، کریم بینزیما، محمد صالح ۔۔ فٹبال ورلڈکپ کے 10 سب سے بڑے کھلاڑی کون؟

ہماری ویب  |  Nov 18, 2022

قطر میں فٹ بال ورلڈ کپ کا میلہ سجنے والا ہے، دنیا کے سب سے مقبول کھیل کو کروڑوں شائقین دیکھیں گے جہاں رونالڈو، میسی اور دیگر بے شمار ستارے میدان میں شائقین کا لہو گرمائیں گے۔

موجودہ دور میں فٹ بال کی دنیا کے 10 بہترین کھلاڑی کون سے ہیں اور اب تک کیا کیا کارنامے انجام دے چکے ہیں ۔ آیئے ایک نظر دیکھتے ہیں۔

10۔کرسٹیانو رونالڈو

دنیا کے بہترین کھلاڑیوں میں شامل پرتگال کے کرسٹیانو رونالڈو میدان میں اترتے ہیں تو دیکھنے والوں کے دلوں کی دھڑکنیں بے ترتیب ہوجاتی ہیں۔ اپنی جادوئی صلاحیتوں کی وجہ سے رونالڈو بال کو دیکھتے ہی دیکھتے گول پوسٹ میں پہنچا دیتے ہیں۔ پھرتیلے کرسٹیانو رونالڈو اب تک 700 سے زائد لیگ گولز کے علاوہ 135 انٹرنیشنل گول بھی کرچکے ہیں۔

9۔ساڈیو مانے

سینیگال کے ساڈیو مانے لیور پول کی نمائندگی کرتے ہیں اور اپنی چابکدستی اور پھرتیلے پن کی وجہ سے مخالف ٹیم کو دانتوں تلے انگلیاں چبانے پر مجبور کردیتے ہیں۔ ساڈیو ما لیگز میں اب تک 203گولز کے ساتھ انٹرنیشنل مقابلوں میں 34 گولز کرچکے ہیں۔

8۔ کریم بینزیما

فرانس سے تعلق رکھنے والے کریم بینزیما لیگ میں ریال میڈرڈ کی نمائندگی کرتے ہیں اور دنیا کے دس بہترین فٹبالرز میں شامل کریم بینزیما لیگ مقابلوں میں 409 اور عالمی مقابلوں میں 37گولز کرچکے ہیں۔

7۔ محمد صالح

مصر کے پروفیشنل فٹ بالر محمد صالح لیور پول کے سب سے بہترین کھلاڑی سمجھے جاتے ہیں اور یہ نامور اسٹار 519 لیگ میچز میں 242 گولز کرنے کے ساتھ ساتھ 86 انٹرنیشنل میچز میں 49 گولز کرچکے ہیں۔

6۔ ہیری کین

انگلش ٹیم کے سب سے بہترین اسٹرائیکر سمجھے جانے والے ہیری کین نے بہت جلدی فٹ بال کی دنیا میں اپنا ایک مقام بنایا ہے اور لیگز کے کھاتے میں 274 گولز درج کروانے کے علاوہ 51 انٹرنیشنل گولز بھی کرچکے ہیں۔

5۔ایرلنگ ہالینڈ

نارویجن فٹ بالر ایرلنگ ہالینڈ میں نمبر ون فٹ بالر بننے کی تمام تر صلاحیتیں موجود ہیں اور اس وقت پانچویں پوزیشن پر موجود ایرلنگ ہالینڈ نے لیگ میچز میں 175 اور عالمی مقابلوں میں 21 گول کرلئے ہیں۔

4۔کائلن ایم باپے

دنیا کے خطرناک ترین فٹ بالرز میں سے ایک کائلن ایم باپے زائد عمر ہونے کے باوجود میدان میں ہمیشہ پر جوش اور متحرک نظر آتے ہیں۔ فرنچ کھلاڑی کائلن ایم باپےعالمی مقابلوں میں 28 اور لیگ میچز میں 214 گولز کرچکے ہیں۔

3۔ کیون ڈی بروئن

بلجیم کے کیون ڈی بروئن فٹ بال کے میدان میں بجلی کی طرح دوڑ اور اپنے خطرناک ڈاجز اور پاسز کی وجہ سے مخالفین کی ناک میں دم کرکے رکھتے ہیں۔ اپنے کھیل سے شائقین کو محظوظ کرنے والے کیون ڈی بروئن لیگز میں 134 اور انٹرنیشنل میچز میں 25 گولز کرچکے ہیں۔

2۔ رابرٹ لیوینڈوسکی

لیوینڈوسکی اس وقت دنیا کے سب سے زیادہ ان فارم کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں، پولش اسٹرائیکر رابرٹ لیوینڈو سکی نے اپنی مہارت اور بہترین کھیل سے خود کو دنیا کا ایک بہترین کھلاڑی ثابت کیا۔ عالمی مقابلوں میں 76 بار گول کرنے والے رابرٹ لیوینڈو سکی 556 لیگ گولز بھی کرچکے ہیں۔

1۔لیونل میسی

کرسٹیانو رونالڈو کو10 ویں اور میسی کو پہلے نمبر پر دیکھ کر حیرت تو ہوئی ہوگی لیکن یہ حقیقت ہے کہ ارجنٹینا کے اسٹار لیونل میسی آج بھی دنیا کے نمبر ون فٹ بالر ہیں۔ پستہ قد لیکن انتہائی پھرتیلے میسی خود تو گول کرتے ہی ہیں لیکن دوسروں کو گول کرنے میں بھی ان کا بہت بڑا کردار ہوتا ہے۔ 702 لیگ گولز کرنے والے میسی انٹرنیشنل میچز میں بھی 106 گولز کرچکے ہیں۔

امید ہے آپ کو ہماری آج کی یہ ویڈیو ضرور پسند آئی ہوگی۔ فٹبال اسٹارز کے ریکارڈز پر مبنی ویڈیو کے حوالے سے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار ضرور کریں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More