پاکستان میں تجارت و ملکی ترقی کے فروغ کیلئے سیرحاصل سیشنز کا اہتمام

ہماری ویب  |  Nov 22, 2022

کراچی میں امریکی قونصلیٹ کیجانب سے مقامی شراکتداروں کیساتھ 14 تا 19 نومبر بین الاقوامی ہفتہ برائے کاروبار منایا گیا، جس کے تحت نئے کاروباری افراد، سرمایہ کار، انکیوبیشن مراکز، صنعتی و کاروباری سربراہان، تعلیمی نمائندگان، نوجوان اور صحافیوں کیساتھ مختلف پروگرامز کیئے گئے۔ان سرگرمیوں کامقصد پاکستان میں کاروبار و تجارت کیلئے جدید اور سازگار ماحول کوفروغ دینا ہے۔

عالمی ہفتہ برائے کاروبار (GEW) منانے کا مقصد تجارت و سرمایہ کاری اور معاشی ترقی کے مواقع و وسائل کی ہمت افزائی کرنا ہے۔ جس کی مدد سے معیشت کو مزید مستحکم بنانے سمیت دنیا میں درپیش چیلینجز و مسائل کو حل کرنے کی صلاحیت میں اضافہ ہوگا۔

پاکستان میں قائم امریکی مشن کیجانب سے سلیکون ویلی کے ٹرینر اور معروف مقرر آسکر گارشیا کو کراچی اور اسلام آباد کی تقاریب میں شرکت کیلئے مدعو کیا گیا۔ آسکر گارشیا امریکا میں کاروبار کیلئے نئی جہت و جدت لانے والی کمپنی ایسپرا (ASPIRA)کے بانی اور چیف امپاورمینٹ آفیسر ہیں۔ دورہ کراچی کے دوران انہوں نے مختلف نشستوں میں شرکت کی اورپچنگ، پروفیشنل برانڈنگ اور کیریئر ڈولپمینٹ کے متعلق گفتگو کی۔

این ای ڈی یونیورسٹی کراچی کے نیشنل انکیوبیشن سنٹر (NICK) میں سیشن کے دوران آسکر گارشیا نے "رسک لینا اور کاروبار میں لچک پیدا کرنا" کے موضوع پر اپنے تجربات و خیالات کا تبادلہ کیا۔ جہاں بڑی تعداد میں موجود شرکاء کو یہ سیکھنے کا موقع ملا کہ کاروبار میں کامیابی کیلئے بڑے خواب دیکھنے کیساتھ صبر واستقامت کا ہونا بنیادی جزو ہے۔ انہوں نے امریکی قونصلیٹ کے عملے، سرمایہ کاروں، کاروباری افراد اور کاروبار کی بیٹ کرنے والے صحافیوں کیساتھ "پاکستان میں کاروبار کے مواقع و چیلینجز" کے موضوع پر مباحثے کی سربراہی کی۔ لنکن کارنر کراچی میں قائم اسٹارٹ اپ لیب میں آسکر گارشیا نے کاروبار کا شوق رکھنے والے پاکستانیوں کیساتھ "کاروبار کرنے کے رجحانات کی پائیداریت" پر تبادلہ خیال کیا۔ پاکستان میں امریکی حکومت کیجانب سے قائم کردہ اسٹارٹ اپ لیب ایسی جگہ ہے، جہاں کاروبار کا شوق رکھنے والے افراد جدید ٹیکنالوجی اور سامان کا مفت استعمال کرکے اپنے کاروبار کے خواب کو حقیقت میں بدل سکتے ہیں۔

پاکستان امریکن کلچر سنٹر (PACC) کے لنکن کارنر میں انگریزی سیکھنے کیلئے اسکالرشپ تک رسائی پر پروگرام بھی اس ہفتے کی سرگرمیوں کا حصہ ہے، جس میں 200 سے زائد طلبہ نے شرکت کی۔ طلبہ نے کاروبار چلانے، محنت، اچھے استاد کی تلاش اور اپنے آپ میں لچک پیدا کرنے سے متعلق اسکالرشپ پروگرام پاس کرنے والی طالبات اور امریکی قونصلیٹ میں شعبہ اطلاعات کی عہدیدار کرسٹا بسٹامانتے کی باتوں سے استفادہ حاصل کیا۔

امریکا پاکستانی طلبہ، نئی ایجادات کرنے والے افراد اور سرمایہ کاروں کی بھرپور مدد کرتا رہا ہے، کیونکہ یہ افراد معاشرہ اور معیشت پر مثبت اثرات چھوڑنے کا غیرمعمولی کام کرتے ہیں۔ این آئی سی کے میں پروگرام کے دوران امریکی قونصل جنرل نکول ٹیریو نے کہا کہ "رواں برس ہم دوطرفہ تعلقات کو 75 سال پورے ہونے کا جشن منا رہے ہیں۔ پاکستان کیساتھ پائیدار تعلقات کو امریکا قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، کیونکہ ہمارے خیال میں ایک مستحکم، خوشحال اور جمہوری پاکستان امریکا کے مفاد میں ہے۔ ہم نجی شعبہ میں سرمایہ کاری کو وسعت دیکر دونوں ممالک میں تعلقات کو مزیدمستحکم بنانا چاہتے ہیں، اور اسی میں ہی دونوں ممالک کا فائدہ ہے۔"

امریکی حکومت پاکستان کیساتھ دوطرفہ معاشی و تجارتی تعلقات کو استوار کرنے کی خواہاں ہے، اس مقصد سے دونوں ممالک میں تعلیم، توانائی اور زراعت شعبہ جات میں تعاون کو وسیع کیا جا رہا ہے۔ امریکا پاکستانی خواتین کو بااختیار او معاشی طور پر مضبوط بنانے کیلئے شراکتداری میں اضافہ کرنے کا بھی ارادہ رکھتا ہے۔ جبکہ پاکستان میں کاروبار کیلئے مثبت ماحول کی ترویج و ترقی کیلئے تعاون بھی جاری رکھا جائیگا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More