کینیڈا میں مستقل رہائشیوں کے لیے فوج میں ملازمتیں

اردو نیوز  |  Dec 06, 2022

کینیڈا کی وزارت دفاع نے ملک کے شہریوں کے علاوہ اب مستقل رہائش رکھنے والے افراد کے لیے بھی اپنی فوج میں ملازمتوں کے دروازے کھول دیے ہیں۔

منگل کی رات ٹوئٹر پر کینیڈ افواج کی جانب سے ایک ٹویٹ میں کہا گیا کہ ’اگر آپ مستقل رہائشی ہیں تو ہم آپ کے ساتھ کام کرکے آپ کے لیے صحیح کریئر کا انتخاب کرکے آپ کی رہنمائی کرنا چاہیں گے تاکہ آپ بھی ملک کی خدمت کر سکیں۔‘

اسی حوالے سے جاری ایک علیحدہ بیان میں کینیڈا کی وزارت دفاع کا کہنا تھا کہ ملک میں رہنے والے مستقل رہائشی افراد کینیڈا کا ایک اہم اور بہترین حصہ ہیں اسی لیے وزیر دفاع انیتا آنند نے اعلان کی ہے کہ کینیڈا میں مقیم مستقل رہائشی اب کینیڈین افواج میں بھرتی ہوسکتے ہیں۔

کینیڈا کی وزارت دفاع کا مزید کہنا تھا کہ کسی اور ملک کے شہری جن کے پاس ’امیگریشن اینڈ رفیوجی پروٹیکشن ایکشن ایکٹ‘ کے تحت کینیڈا میں مستقل رہائش موجود ہیں وہ افواج میں ملازمت کے اہل ہوں گے۔

خیال رہے ابھی بھی کینیڈا میں دیگر ممالک کے افراد کو افواج میں ملازمتیں دی جاتی ہیں لیکن اس کا دائرہ صرف تربیت یافتہ پائلٹس، لوجسٹک افسران اور دیگر باصلاحیت پیشہ ور افراد تک محدود تھا۔

وزارت دفاع کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ ’کینیڈین افواج مستقل رہائشیوں کی حوصلہ افزائی کرے گی کہ وہ فوجی کیریئر پر سنجیدگی سے غور کریں۔

اعلامیے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ کینیڈا اپنی افواج میں خدمات سرانجام دینے والے افراد کو ملک کی شہریت دلوانے میں بھی ان کی مدد کرتا ہے اور ایسے افراد جو فوجی کیریئر کا انتخاب کرتے ہیں انہیں کینیڈا کی شہریت دینے میں فوقیت دی جاتی ہے۔

It’s official! MND Anand has announced that permanent residents (PR) are welcome to apply to join the #CAF. If you're currently a PR, we look forward to working with you to help you find the right career with us and serve the country. https://t.co/g9PSYWACQn pic.twitter.com/iKcEdF3KEj

— Canadian Armed Forces (@CanadianForces) December 5, 2022

اس حوالے سے کینیڈا کے چیف آف ڈیفنس سٹاف جنرل وین ایئرے کا کہنا ہے کہ ’مستقبل کے بڑھتے ہوئے چیلنجز کا سامنے کرنے کے لیے کینیڈا کی افواج کو نئے افراد بھرتی، ان کو تربیت دینے اور باصلاحیت افراد کا استعمال کرنے کی ضرورت ہے۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ کینیڈا میں مقیم مستقل رہائشی افراد ان باصلاحیت افراد کا حصہ ہیں جو اپنے جوش، تجربات اور معلومات کی بنیاد پر کینیڈا کی افواج کے لیے اثاثہ ثابت ہوں گے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More