سعودی عرب نے رونالڈو پر کروڑوں ڈالرز کی بارش کیوں کی، کیا یہ محمد بن سلمان کے و‍ژن 2030 کا حصہ ہے؟

بی بی سی اردو  |  Jan 05, 2023

Getty Images النصر سنہ 2025 تک ہر سال رونالڈو کو تقریباً 200 ملین یورو ادا کرے گا

فٹبال سٹار کرسٹیانو رونالڈو جب منگل کو سعودی عرب میں النصر کی جانب سے باقاعدہ تقریب میں میڈیا کے سامنے پیش ہوئے تو انھوں نے بےدھیانی میں سعودی عرب کو جنوبی افریقہ کہہ دیا۔

انھوں نے مانچسٹر یونائیٹڈ چھوڑنے کے بعد النصر میں شمولیت اختیار کی ہے۔

انھیں ریاض میں میڈیا کے سامنے پیش کیا گیا تو ان کا کہنا تھا یہاں ’فٹبال مختلف ہے، اس لیے میرے لیے جنوبی افریقہ آنا میرے کریئر کا اختتام نہیں ہے۔ میں اس لیے تبدیلی چاہتا ہوں اور سچ بولوں تو مجھے اس بات کی فکر نہیں ہے کہ لوگ کیا کہیں گے۔‘

انھوں نے کہا ’میں نے سب کچھ جیت لیا، میں نے یورپ کے اہم ترین کلبز کے لیے کھیلا اور اب ایشیا میں ایک نیا چیلنج ہوگا۔‘

میڈیا کانفرنس کے بعد انھوں نے ہزاروں مداحوں کی موجودگی میں اپنی النصر کی نئی جرسی میں تصویریں کھینچوائیں۔

النصر اور رونالڈو کے درمیان ہونے والی ڈیل کو اب تک کی سب سے مہنگی ڈیل کہا جا رہا ہے۔ النصر سنہ 2025 تک ہر سال رونالڈو کو تقریباً 200 ملین یورو یا 1800 کروڑ انڈین روپے ادا کرے گا۔

جنوبی افریقہ والوں کو رونالڈو کا انتظار

رونالڈو بےدھیانی میں سعودی عرب کی جگہ ساؤتھ افریقہ کہہ گئے لیکن یہ جنوبی افریقہ کے فٹبال مداحوں کو خواب دیکھنے سے تو نہیں روک سکا جو سوشل میڈیا پر مذاقاً یہ خواہش کرتے نظر آئے کہ دنیا کے معروف ترین کھلاڑی ان کے مقامی کلبز میں کھیلیں۔

https://twitter.com/tumiwamodimo/status/1610349951044681732

نالا نامی خاتون نے سوچا ایسا ہوجائے تو کیا ہی بات ہے اور مذاقاً کہا کہ ان کی مقامی لیگ میں ’پارٹ ٹائم کھلاڑیوں کی بھی گنجائش ہے۔‘

ادھر جنوبی افریقہ کی سیاحت کی اتھارٹی بھی ایک ٹویٹ میں رونالڈو کی متنظر نظر آئی۔

https://twitter.com/southafricauk/status/1610544364849356801

ایک صارف نے اس صورتحال پر کچھ یوں تبصرہ کیا ’آپ کو 200 ملین یورو کمانے کے لیے ملک کا نام معلوم ہونے کی ضرورت نہیں۔۔۔ خیر ساؤتھ افریقہ میں خوش آمدید‘۔

سعودی عرب نے رونالڈو پر کروڑوں ڈالر کی بارش کیوں کی؟

ابھی ایک ماہ کا وقت بھی نہیں گزرا جب پرتگال کی فٹبال ٹیم کے کپتان کرسٹیانو رونالڈو کو قطر میں ہونے والے ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل میں مراکش کے ہاتھوں ایک صفر کی شکست کے بعد چشم تر کے ساتھ میدان چھوڑتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔

پرتگال کو شکست دے کر مراکش ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پہنچنے والا پہلا افریقی عرب ملک بن گیا۔

ورلڈ کپ جیتنے کا خواب چکنا چور ہونے کے چند ہفتوں بعد اب پرتگال کے کپتان کرسٹیانو رونالڈو نے یورپی فٹبال کلب مانچسٹر یونائیٹڈ کو چھوڑ کر سعودی عرب کی النصر میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔

Getty Imagesرونالڈو نے منگل کو ریاض میں قائم مرسول پارک سٹیڈیم میں النصر کے صدر المعمر کے ساتھ معاہدے پر دستخط کیے

حالیہ ورلڈ کپ رونالڈو کے لیے کچھ خاص نہیں تھا۔ آخری دو گیمز میں انھیں شروع میں ہی میدان سے باہر بیٹھا دیا گیا۔ رونالڈو نے اس سیزن میں مانچسٹر یونائیٹڈ کے لیے 16 میچوں میں صرف تین گول کیے جن میں سے ایک گول پنلٹی پر تھا۔

اس کے باوجود رونالڈو کی النصر میں شمولیت پر مشرق وسطیٰ کے ممالک میں زبردست جوش و خروش پایا جا رہا ہے۔

النصر کلب نے سوشل میڈیا پر ٹیم کی جرسی کے ساتھ رونالڈو کی تصویر شیئر کرکے جوش کا اظہار کیا ہے۔

بہر حال بعض ماہرین 37 سالہ رونالڈو کے النصر کے ساتھ ہونے والے مہنگے معاہدے کو سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان کی معاشی پالیسی سے بھی جوڑ رہے ہیں، جس کا ہدف مغربی ممالک کو پیچھے چھوڑ کر سعودی عرب کو عالمی طاقت کے طور پر ابھارنا ہے۔

Getty Imagesاس تقریب میں ان کے ہمراہ ان کی اہلیہ اور بیٹا بھی موجود تھےسعودی عرب میں فٹ بال کا جنون عروج پر

سعودی عرب کی فٹبال ٹیم نے 22 نومبر کو قطر ورلڈ کے اپنے افتتاحی میچ میں ارجنٹائن کو دو ایک سے شکست دے کر بڑا اپ سیٹ کیا تھا۔

میچ کے روز سعودی وزارتیں، سرکاری ادارے، سکول اور یونیورسٹیاں وقت سے پہلے بند کر دی گئیں تاکہ لوگ وہ میچ دیکھ سکیں۔

سعودی عرب کی فتح کے بعد شاہ سلمان نے اگلے روز قومی تعطیل کا اعلان کر دیا۔

سعودی فتح نہ صرف ملک بلکہ پورے خطے کے لیے جوش و خروش سے لبریز تھی۔ سوشل میڈیا پر دیگر عرب ممالک کے لوگوں نے بھی سعودی عرب کی فتح کو اپنی فتح کے طور پر دیکھنا شروع کر دیا۔

یہ جیت محض اتفاق نہیں تھی۔ سعودی عرب کے وزیر کھیل شہزادہ عبدالعزیز بن ترکی الفیصل نے بتایا کہ ان کی ٹیم تین سال سے اس ایونٹ کی تیاری کر رہی تھی۔ وزارت کھیل کا اس طرح فٹبال کی حوصلہ افزائی کرنا اس کی سمت اور ہدف کا واضح اشارہ دیتا ہے۔

Getty Imagesسعودی ولی عہد محمد بن سلمان کئی بار فیفا کے سربراہ کے ساتھ نظر آئے ہیںکھیل سعودی عرب کے وژن 2030 کا ایک اہم پہلو

ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو قطر ورلڈ کپ کے دوران کئی بار فیفا کے سربراہ جی وی انفینٹینو کے ساتھ دیکھا گیا۔ سنہ 2016 میں محمد بن سلمان کے ’وژن 2030‘ کے تحت کھیلوں کو ترجیحات میں شامل کیا گیا تھا۔

اس کے بعد سعودی عرب میں کھیلوں کے حوالے سے بڑی تبدیلیاں نظر آ رہی ہیں۔

وژن 2030 میں کھیلوں کے متعلق تین اہداف طے کیے گئے ہیں اور اس کے تحت سنہ 2030 تک کھیلوں میں عوام کی شرکت کو 40 فیصد تک بڑھانا، بیرون ملک سعودی کھلاڑیوں کی کارکردگی کو بہتر بنانا اور کھیلوں کی معیشت کو فروغ دینا ہے۔

فٹبال صحافی اوری لیوی کے مطابق رونالڈو کا سعودی عرب پہنچنا بڑی تبدیلی کی علامت ہے۔ انھوں نے محمد بن سلمان کی ایک ویڈیو ٹویٹ کی ہے جس میں سعودی ولی عہد کہہ رہے ہیں کہ مشرق وسطیٰ اب نیا یورپ بنے گا۔

ویڈیو میں ولی عہد کا کہنا ہے کہ ’اگلے پانچ سالوں میں سعودی عرب بالکل مختلف ہو جائے گا، بحرین بالکل مختلف ہو گا، کویت۔۔۔ یہاں تک کہ قطر بھی۔۔۔ ساتھ ہمارے اختلافات کے باوجود بھی۔۔۔ ان کی معیشت مضبوط ہے اور اگلے پانچ سالوں میں بالکل مختلف نظر آئیں گے۔ متحدہ عرب امارات، عمان، لبنان، اردن، مصر، عراق اور یہاں جو مواقع ہیں۔۔۔ اگر ہم اگلے پانچ سالوں میں کامیاب رہے تو بہت سے ممالک ہمارے نقش قدم پر چلیں گے۔‘

https://twitter.com/Levyninho/status/1610258431046213633

ولی عہد کا کہنا ہے ’اگلے 30 سالوں میں مشرق وسطیٰ میں نیا عالمی نشاۃ ثانیہ ہوگا۔ یہ سعودی کی جنگ ہے۔ یہ میری جنگ ہے اور میں اس لڑائی میں اس وقت تک مرنا نہیں چاہتا جب تک میں مشرق وسطیٰ کو دنیا کی قیادت کرتے ہوئے نہ دیکھوں۔ ہدف صد فیصد حاصل ہو کر رہے گا۔‘

آکسفورڈ یونیورسٹی میں تعلیم حاصل کرنے کے بعد جیو پولیٹیکل ایشوز پر اپنی رائے دینے والے گوکل ساہنی نے بھی ایم بی ایس کی یہی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ شاید سعودی عرب اب مذہبی ترجیحات کو پس پشت ڈال کر ایک معیاری اور زیادہ عملی ’قوت‘ بن چکا ہے۔

https://twitter.com/Gokul_Sahni/status/1610452711358480385

سعودی عرب کو رونالڈو سے کیا فائدہ ہوگا؟

کرسٹیانو رونالڈو کو سائن کرنے کے بعد النصر نے ٹویٹ کیا ’تاریخ رقم کی جا رہی ہے۔ یہ معاہدہ نہ صرف ہمارے کلب کو بڑی کامیابی کی طرف گامزن کرے گا بلکہ ہماری لیگ، ہمارے ملک اور آنے والی نسلوں، لڑکے اور لڑکیوں کی اپنی بہترین کارکردگی دکھانے کے لیے بھی حوصلہ افزائی کرے گا۔‘

معاہدے کا اعلان کرتے ہوئے رونالڈو نے کہا کہ ’میں ایک مختلف ملک میں فٹ بال لیگ کا تجربہ کرنے کے لیے پرجوش ہوں۔‘

Getty Imagesسعودی فٹبال فین ورلڈ کپ کے دوران

رونالڈو نے کہا ’النصر جس وژن کے ساتھ کام کر رہا ہے اور سعودی عرب جس طرح مردوں اور خواتین کی فٹبال کے حوالے سے ترقی کر رہا ہے وہ متاثر کن ہے۔ ہم ورلڈ کپ میں سعودی عرب کی حالیہ کارکردگی سے دیکھ سکتے ہیں کہ یہ فٹبال میں بڑی صلاحیتوں کا حامل ملک ہے۔‘

یقیناً اس ڈیل نے رونالڈو کو تاریخ کا سب سے زیادہ معاوضہ لینے والا فٹبالر بنا دیا ہے لیکن سعودی عرب بھی ان کی عالمی شہرت سے فائدہ اٹھا سکتا ہے۔

مڈل ایسٹ اکانومی نامی ویب سائٹ نے لکھا ہے کہ رونالڈو 2030 فیفا ورلڈ کپ کی میزبانی کے لیے سعودی عرب کی بولی کو مضبوط بنا سکتے ہیں۔ خاص طور پر جب رونالڈو کی آمد کے ساتھ ہی اب میڈیا کی پوری توجہ سعودی فٹبال کی طرف مبذول ہو گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیے

کیا پرتگال کے سپر سٹار رونالڈو کا سورج غروب ہونے والا ہے؟

رونالڈو کی سعودی کلب میں شمولیت: ’انھیں ہر دن کے ساڑھے پانچ لاکھ یورو ملیں گے‘

ویب سائٹ نے سعودی وزیر سیاحت احمد الخطیب کے حوالے سے کہا ہے کہ سعودی عرب مصر اور یونان کے ساتھ سنہ 2030 فیفا ورلڈ کپ کی مشترکہ میزبانی کی تجویز دے سکتا ہے۔

احمد الخطیب نے ایک انٹرویو میں کہا ’ہم مصر اور یونان کے ساتھ مل کر اس کے لیے ایک تجویز دینے کے بارے میں سوچ رہے ہیں اور امید ہے کہ ہم کامیاب ہوں گے۔ تینوں ممالک بنیادی ڈھانچے میں بہت زیادہ سرمایہ کاری کریں گے اور بالکل تیار ہوں گے۔ اور میں جانتا ہوں کہ سعودی عرب میں اس وقت تک خصوصی سٹیڈیمز بن چکے ہوں گے۔‘

سعودی عرب کو پہلے ہی کھیلوں کے دیگر بین الاقوامی مقابلوں کی میزبانی مل چکی ہے جن میں سالانہ فارمولا ون ریس اور ایشین ونٹر گیمز 2029 شامل ہیں۔

Getty Imagesالنصر کلب کی تاریخ

رونالڈو جس النصر کلب سے منسلک ہوئے ہیں وہ سنہ 1955 میں سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں قائم کیا گیا تھا۔ یہ کلب ملک کی سعودی پروفیشنل لیگ (ایس پی ایل) میں کھیلتا ہے، جس میں کل 18 ٹیمیں ہیں۔

لیگ کے سب سے زیادہ گول کرنے والے ماجد عبداللہ نے بھی النصر کی جانب سے کھیلتے ہوئے ہر میچ میں ایک کی اوسط سے مجموعی طور پر 189 گول کیے ہیں۔ النصر ایس پی ایل کی دوسری کامیاب ترین ٹیم ہے جو اب تک نو مرتبہ ٹائٹل جیت چکی ہے۔ آخری بار النصر نے یہ ٹائٹل سنہ 2018-2019 میں جیتا تھا۔ سب سے زیادہ ٹائٹل جیتنے کے معاملے میں النصر سے آگے صرف الہلال کلب ہے۔

النصر کے موجودہ کوچ روڈی گارشیا ہیں۔ اس کلب میں کیمرون کے سابق ورلڈ کپ ہیرو ونسنٹ ابوبکر اور برازیل کے سابق مڈفیلڈر لوئیز گسٹاوو بھی شامل ہیں۔

گول ڈاٹ کام کی خبر کے مطابق سعودی شہزادے عبدالرحمان بن سعود آل سعود نے سنہ 1960 میں کلب کی کمان سنبھالی تھی۔ انھوں نے النصر کو ملک کے بہترین کلبوں میں سے ایک بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔

خیال کیا جاتا ہے کہ سنہ 2004 میں ان کی موت کے بعد بھی کلب کو سعودی شاہی خاندان سے مالی امداد ملتی رہی ہے اور کلب بڑے کھلاڑیوں کو راغب کرنے میں کامیاب رہا ہے۔

گذشتہ سال ہی ایک اور سعودی ٹیم الہلال نے بھی رونالڈو کو پیشکش کی تھی۔ لیکن اس وقت رونالڈو نے اس پیشکش کو ٹھکرا دیا اور کہا تھا کہ وہ مانچسٹر یونائیٹڈ میں خوش ہیں۔

تاہم مانچسٹر یونائیٹڈ کے ساتھ بات چیت اس وقت بگڑ گئی جب رونالڈو نے گذشتہ سال نومبر میں ایک انٹرویو کے دوران کلب کے منیجر ایرک ٹین سے خوش نہ ہونے کا اظہار کیا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More