2023 میں کون سے سٹار کِڈز پردے پر اور کون پردے کے پیچھے ہوگا

بی بی سی اردو  |  Jan 12, 2023

ہر سال نیا ٹیلنٹ اپنی قسمت آزمانے بالی ووڈ میں بڑے پردے پراترتا ہے جن میں کئی بڑے ستاروں کے بچے بھی ہوتے ہیں اور کا نام لانچ ہونے سے پہلے ہی کافی مشہور ہو جاتا ہے۔

 

ہندی سنیما کی 100 سالہ تاریخ کے دوران کئی ’سٹار کِڈز‘ کولانچ کیا گیا لیکن ان میں سے چند ہی فلمی دنیا میں اپنی جگہ بنا سکے۔ جس زور و شور سے وہ فلمی دنیا میں قدم رکھتے ہیں، اپنے خاندان کی کامیابی کی روایت کو برقرار رکھنے کے لیے ان پر اتنا ہی دباؤ ہوتا ہے۔

 

آج کے دور میں جہاں ہندی فلمی دنیا میں اقربا پروری کا بہت چرچا ہے، وہیں ان نئے سٹار کِڈز پر اپنی لانچ کو درست یا جائز ثابت کرنے کا دباؤ بھی دوگنا ہو جاتا ہے۔

 

اس سال کئی بڑے ستاروں کے بچے فلمی دنیا میں قدم رکھنے والے ہیں۔ ان سٹار کِڈز پر بھی یہی دباؤ ہوگا۔ تو آئیے جانتے ہیں کہ بڑے فلمی ستاروں کے یہ بچے کون ہیں جنہیں آپ اس سال اداکاری کی دنیا میں اپنی قسمت آزماتے دیکھیں گے۔

سہانا خان کا سفر’دی آرچیز‘ سے شروع ہوگاGetty Imagesسہانا خان اور آگستیا نندا

اس فہرست میں سب سے پہلے سُپر سٹار شاہ رخ خان کی بیٹی سہانا خان کا نام ہے، جو فلم ’دی آرچیز ‘ سے اپنے اداکاری کے کریئر کا آغاز کر رہی ہیں۔

22  سالہ سہانا خان نے نیویارک میں تعلیم حاصل کی ہے اور وہاں کئی تھیئٹر ڈراموں میں حصہ لے چکی ہیں۔ لانچ سے پہلے ہی سوشل میڈیا پر ان کے لاکھوں فالوورز ہیں اور اب وہ ہندی سنیما میں قدم رکھنے کے لیے تیار ہیں۔

یہ فلم سنیما کے بجائے او ٹی ٹی پر ریلیز کی جائے گی۔ اس کا ٹیزر 2022 میں آیا تھا۔ ٹیزر دیکھنے کے بعد اس فلم میں شامل سٹار کِڈز کو سوشل میڈیا پر کافی ٹرول کیا گیا اور اقربا پروری پر ایک بار پھر بحث چھڑ گئی۔ اس لیے ان سٹار کِڈز پر خود کو ثابت کرنے کا بہت دباؤ ہوگا۔

سری دیوی کی چھوٹی بیٹی خوشی کپور

سری دیوی کی بڑی بیٹی جھانوی کپور ہندی سنیما میں اپنی جگہ بنا چکی ہیں۔ اب ان کی 22 سالہ چھوٹی بہن خوشی کپور لانچ کے لیے تیار ہیں۔

 

Getty Imagesجھانوی اور خوشی سری دیوی اور نونی کپور کی بیٹیاں ہیں

فلم ’دی آرچیز‘ میں سہانا خان کے علاوہ سری دیوی کی چھوٹی بیٹی خوشی کپور بھی اداکاری کے جوہر دکھائیں گی۔ جھانوی کے کیریئر کے کامیاب آغاز کے بعد اب خوشی پر اپنے خاندان اور ممی سری دیوی کی وراثت یا لوگوں کی توقعات پر پورا اترنے کا دباؤ ہوگا۔

 

سوہانا کی طرح خوشی بھی سوشل میڈیا پر سٹار بن چکی ہیں اور اکثر اپنی بہن کے ساتھ تصاویر شیئر کرتی رہتی ہیں۔

امیتابھ بچن کے نواسے اگستیہ

امیتابھ بچن کے خاندان کی تیسری نسل بھی زویا اختر کی فلم ’دی آرچیز‘ سے بالی ووڈ میں قدم رکھ رہی ہے۔ امیتابھ بچن کے نواسے یعنی ان کی بیٹی شویتا بچن کے بیٹے اگستیہ نندا بھی اس فلم سے اپنے فلمی کریئر کا آغاز کریں گے۔

 

کافی عرصے سے یہ توقع کی جا رہی تھی کہ شویتا بچن کی بیٹی نویا نویلی نندا بھی فلموں میں قسمت آزمائیں گی لیکن فی الحال انہوں نے سلور سکرین سے دوری برقرار رکھی ہوئی ہے۔

 

تاہم 2022 میں ایک پوڈ کاسٹ سیریز شروع کر کے، نویا نے اپنی والدہ اور دادی جیا بچن کے ساتھ مل کر سامعین کے ساتھ رشتہ جوڑا ہے۔

 

رہتک روشن کی ’لاڈلی‘ پشمینہ روشن

موسیقار راجیش روشن کی بیٹی اور رہتک روشن کی چچا زاد کزن پشمینہ روشن بھی فلم ’عشق وشق ری باؤنڈ‘ سے بالی ووڈ میں ڈیبیو کرنے جارہی ہیں۔ پشمینہ روشن اپنے کزن رہتک روشن کی لاڈلی سمجھی جاتی ہیں۔

 

عشق وشک ریباؤنڈ شاہد کپور کی 2003 میں ریلیز ہونے والی فلم عشق وشق کا ایک طرح کا ری میک ہے۔ فلم میں ابھرتے ہوئے اداکار روہت صراف، چائلڈ آرٹسٹ جبران خان اور نائلہ گریوال بھی نظر آئیں گے۔

سلمان خان کی بھانجی علیزے

فلم انڈسٹری میں کئی فنکاروں کو مواقع دینے والے سلمان خان کی بھانجی بھی 2023 میں لانچ کے لیے تیار ہیں۔

یہ سلمان خان کی بڑی بہن الویرا اگنی ہوتری اور اداکار اور فلسماز اتل اگنی ہوتری کی بیٹی علیزے اگنی ہوتری ہیں جو نیشنل ایوارڈ یافتہ فلمساز سومیندر پادھی کی اگلی فلم میں نظر آئیں گی۔

سنجے کپور کی بیٹی شانایا کپور

کرن جوہر اپنے پروڈکشن ہاؤس سے اکثر سٹارز کے بچوں کو لانچ کرتے نظر آتے ہیں۔ اس فہرست میں عالیہ بھٹ، جھانوی کپور، ورون دھون، اننیا پانڈے اور ایشان کھٹر جیسے نام شامل ہیں۔

 

اب اس فہرست میں سنجے کپور کی بیٹی شنایا کپور کا نام بھی شامل ہونے جا رہا ہے۔ شانایا کپور اپنے فلمی کیریئر کا آغاز دھرما پروڈکشن کی فلم ’بے دھڑک‘ سے کر رہی ہیں۔ یہ فلم مکمل ہوچکی ہے لیکن ابھی تک اس کی ریلیز کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا ہے۔

پردے کے پیچھےGetty Imagesآرین خآن نے پردے کے پیچھے رہ کر کام کرنے کا فیصلہ کیا ہے

کچھ بچے پردے کے پیچھے رہ کر کام شروع کرنے جا رہے ہیں۔

جہاں کچھ بڑے ستاروں کے بچے پردے پرنظر آئیں گے وہیں ایسے سٹار کِڈز بھی ہیں جو سکرین کے پیچھے رہ کر کام کریں گے۔ ان میں شاہ رخ خان کے بیٹے آرین خان کا نام سب سے زیادہ مشہور ہے۔ آرین بطور ہدایت کار ہندی سنیما میں قدم رکھ رہے ہیں۔ حالانکہ ان کے بالی ووڈ میں بطوراداکار قدم رکھنے کی قیاس آرائیاں کی جارہی تھیں۔ یہاں تک کہ کرن جوہر نے یہ بھی کہا تھا کہ آرین جب بھی اداکاری کی دنیا میں قدم رکھنا چاہیں گے، وہ انہیں لانچ کریں گے، لیکن آرین نے ہدایت کاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اگرچہ آرین کی فلم کے نام کا اعلان نہیں کیا گیا اور نہ ہی سٹار کاسٹ کا اعلان کیا گیا  ہے،تاہم خبریں ہیں کہ وہ جلد ہی اس کی شوٹنگ شروع کرنے والے ہیں۔

https://www.instagram.com/p/Cl1JVwjqwPX/

وشال بھردواج کے بیٹے آسمان بھردواج نے بھی بطور ہدایت کار فلموں کی دنیا میں قدم رکھا ہے۔ ان کی پہلی فلم ’کتے‘ جنوری میں ریلیز ہو رہی ہے۔ اس فلم میں تبو، نصیر الدین شاہ، کونکنا سین شرما، ارجن کپور، رادھیکا مدان اور شاردول بھردواج اہم کرداروں میں نظر آئیں گے۔

ناظرین فلمی دنیا کے بڑے ستاروں کے ان بچوں کو کیسے دیکھیں گے، فلمی ناقدین ان کی اداکاری یا ڈائریکشن پر کیا ردعمل دیں گے اور کیا بڑے ستاروں کی یہ نئی نسل فلمی دنیا پر اپنی چھاپ چھوڑ سکے گی؟ یہ تو وقت ہی بتائے گا۔ فی الحال سبھی کو ان کی فلموں کا بے صبری سے انتظار ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More